• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوان نسل صحت مند سرگرمیوں سے پاکستان کا نام روشن کرسکتی ہے، پہلوان واجد حسین

برمنگھم (ابرار مغل)برٹش نژاد کشمیری پہلوان اور مسٹر پاکستان 2017پہلوان واجد حسین نے برمنگھم میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ سے پاکستان جاکر تن سازی کے مقابلے میں میری جیت نہ صرف پاکستان بلکہ برطانوی نوجوان نسل کیلئے قابل فخر ہے۔ انسان کے اندر ہمت، ولولہ، محنت اور اور جذبہ ہو تو ہرکام آسان ہوجاتا ہے۔ نوجوان نسل انتہاپسندی اور مختلف سماجی برائیوں میں ملوث ہونے کی بجائے صحت مند سرگرمیوں کے ذریعے نہ صرف اپنا بلکہ ملک و ملت کا بھی نام روشن کرسکتی ہے۔ نوجوان اپنی صحت اور ورزش پر خصوصی توجہ دے کر بے شمار بیماریوں کو اپنے آپ سے دور رکھ سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حاجی محمد رفیق، چوہدری تاج اور دیگر عزیزواقارب و دوست احباب کی جانب سے برطانیہ آمد پر اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت حاجی محمد الطاف نے کی۔ جبکہ اس تقریب سے ڈڈیال سے آئے ہوئے چوہدری مسعود، برمنگھم کبڈی ایسوسی ایشن کے چیئرمین پہلوان چوہدری راسب، حاجی رفیق، چوہدری ابراراحمد، چیئرمین سرور مغل اور دیگر مختلف اہم شخصیات اور پہلوانوں نے بھی خطاب کیا۔ پہلوان راسب نے کہا کہ خطہ ڈڈیال پہلوانوں کی سرزمین ہے جہاں اپنے زمانے کے مشہور پہلوانوں اور کبڈی کے کھلاڑیوں نے جنم لے لیا ہے۔ میزبان تقریب ابراراحمد اور صدرمحفل حاجی محمد الطاف نے کہا کہ برطانیہ کی رنگینیوں کو چھوڑ کر وطن جاکر پہلوانی کرنے والے برٹش نوجوان واجد حسین نے حالیہ دنوں مسٹر پاکستان 2017کا ٹائٹل جیت کر نہ صرف والدین بلکہ پورے خطے کا نام روشن کردیا ہے۔ مسٹر پاکستان 2017واجد حسین عصرحاضر کی نوجوان نسل کیلئے رول ماڈل ہیں۔ اس تقریب میں پہلوان علی مغل، کونسلر محمد اخلاق، کونسلر بشارت داد، چوہدری عارف داد، پہلوان کنگ شہزاد آف ڈڈلی، چوہدری شکیل احمد اور میزبان تقریب حاجی محمد رفیق و چوہدری تاج کے جملہ دوست احباب اور عزیز و اقارب نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر پہلوان واجد حسین کو اہالیان برمنگھم کی جانب سے مسٹرپاکستان 2017کا ٹائٹل جیتنے پر خصوصی ٹرافی بھی دی گئی۔

تازہ ترین