پشاور(خبرنگار)کاشتکار کوآرڈی نیشن کونسل نے وفاقی حکومت سے 5فیصدایڈوانس اور ودہولڈنگ ٹیکس کو ختم کرکے تمباکو کو فصل کادرجہ دینے کامطالبہ کیاہے ۔پشاورپریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کونسل کے صدرلیاقت یوسفزئی،ارسلاخان، حاجی نعمت شاہ اور دیگرنے کہاکہ اس وقت صوابی اور دیگر علاقوں میں 40فیصدکاشتکاروں کے پاس مال پڑاہے لیکن زیادہ ٹیکس ہونے کی وجہ سے کوئی خریدار نہیں‘ ایک منظم سازش کے تحت تمباکو فصل چھینی جا رہی ہے ‘تمباکو کے بھرے ٹرکوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے جس سے تمباکوں کاشتکاروں میں سخت مایوسی پائی جاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں 12لاکھ اور خیبرپختونخوامیں 3لاکھ افرادٹوبیکوکے کاروبارسے وابسطہ ہیں۔خیبر پختونخوا میں کل تین سو بھٹیاں کام کر رہی ہیں انہوں نے کہا کہ پچھلے سال حکومت کو ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 150ارب روپے ٹیکس دیا تھا ۔انہوں نےوفاقی حکومت کو چارٹرآف ڈیمانڈپیش کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی حکومت پانچ فیصدایڈوانس اور ودہولڈنگ ٹیکس کو ختم کرکے تمباکو کو فصل کادرجہ دے کراختیارات خیبرپختونخوا سمیت ٹوبیکو سیس کو ایک دفعہ وصول کرے اسی طرح کاشتکاروں کو حقیقی کاسٹ آف پروڈکشن دی جائے اورتمباکوپر سنٹرل ایکسائز ڈیوٹی میں10فیصدرقم تمباکو اور اس کے پیداواری علاقوں پرخرچ کی جائے ، تمباکو کی آزادانہ خرید وفروخت کو یقینی بنانے سمیت تمباکو پر تمام ٹیکس سیگریٹ ڈیوٹی میں ضم کی جائےانہوں نے دھمکی دی کہ اگرتین دن کے اندرمطالبات تسلیم نہ کئے گئے توجمعرات کے روزتمباکوکی سب سے بڑی مارکیٹ یارحسین سے تحریک کا آغازکرکے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کیاجائیگااور مطالبات تسلیم ہونے تک دھرناجائے گا۔