• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے بدترین مظالم پر خاموشی توڑے، برمنگھم میں مظاہرہ

برمنگھم (ابرار مغل/ آصف محمود) مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں اور تنظیموں نے مشترکہ طور پر برمنگھم سٹی سنٹر میں برمی مظالم اور بربریت کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں بنگلہ دیشی کمیونٹی سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے پلے کارڈ، کتبے اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی اور عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کے نعرے درج تھے، بچوں اور خواتین کی کثیر تعداد نے بھی اس مظاہرے میں شرکت کی اور مظلوم و محکوم برمی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ مظاہرے میں لوگوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کرکے عالمی برادری کی مجرمانہ بے حسی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری خاموشی کو توڑے۔

اس موقع پر جہاں نعرے بازی کی گئی وہیں مختلف اہم شخصیات، سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنمائوں نے خطاب بھی کیا۔ مقررین نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت پوری عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور برما میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے ساتھ انسانی تاریخ کے بدتر مظالم اور عورتوں کی بے حرمتی کا سلسلہ بھی وسیع پیمانے پر جاری ہے۔ مقررین نے بعض بااثر اسلامی ممالک کی جانب سے خاموشی اور بے حسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسلامی حکمران کی جانب سے برما کے خلاف کارروائی اور اس بارے میں آواز اٹھانے میں تاخیر کی وجہ سے ہزاروں بے گناہ افراد لقمہ اجل، لاکھوں بے گھر ہوگئے ہیں۔

مقررین نے اقوام متحدہ اور دیگر انسانی حقوق کے عالمی علمبرداروں کی خاموشی اور بے حسی کو مجرمانہ فعل قرار دیتے ہوئے کہا کہ روہنگیا کے مظلوم و محکوم مسلمانوں کی نسل کشی پر مصلحت اور خاموشی اختیار کرنے والے برابر کے شریک ہیں۔ مقررین نے بعض ممالک کی جانب سے برما کو اسلحہ اور دفاعی سامان فروخت کرنے پر بھی غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ مسلمانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والی برما حکومت کو اسلحہ کی فراہمی فوری روکی جائے۔

تازہ ترین