• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لوکل گورنمنٹ کاطبی عملہ وادارے محکمہ صحت کے حوالے کرنے پر سٹاف پریشان

راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب کی طرف سےاپنے ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس سٹاف سمیت ڈسپنسریاں،ہسپتال اور دیگر ادارے محکمہ صحت پنجاب کے حوالے سے کرنے سے ڈاکٹروں اور پیرامیڈکس سٹاف کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے۔اس وقت محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب کے ڈاکٹرز کی تعداد432ہے۔جن میں سے 32راولپنڈی میں تعینات ہیں۔جبکہ دیگر پیرامیڈکس سٹاف کی تعداد ایک ہزار کے لگ بھگ ہے۔جن کو ایک مبہم نوٹیفکیشن کے ذریعے محکمہ صحت کے حوالے کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اس وقت محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب کے پاس ایک ہزار ڈسپنسریاں،چھ ہسپتال ہیں۔ذرائع کے مطابق ان تمام کو بغیر کسی قانونی تقاضا پورا کئے محکمہ صحت کے حوالے کرکے ان کے ڈاکٹرز اور پیرمیڈکس سٹاف کو گو مگو کی کیفیت سے دوچارکردیا گیا ۔جبکہ اربوں روپے کی پراپرٹی بھی ایک محکمہ سے دوسرے محکمہ کو دی جارہی ہیں۔جس کے خلاف مزاحمت پیدا ہورہی ہے۔پنجاب حکومت کی طرف سے بنیادی مراکز صحت،ضلع کونسل ڈسپنسریاں،دیہی مراکز صحت اور ہسپتالوں کا کنٹرول نئی بنائی گئی پنجاب ہیلتھ فیسیلیٹیز منیجمنٹ کمپنی(پی ایچ ایف ایم سی) کے حوالے کرنے کے خلاف بھی تحفظات پیدا ہوگئے ہیں۔کیونکہ کمپنی اپنا نیا عملہ بھرتی کررہی ہے اور پرانے ڈاکٹروں اور پیرامیڈکس سٹاف کا کیا ہوگا اس کی تاحال کوئی وضاحت سامنے نہیں ہے۔جس سے شعبہ صحت سے منسلک افراد مستقبل کے حوالے سےبے چینی کا شکار ہیں۔ راولپنڈی سمیت دیگر اضلاع کے طبی اداروں کو کمپنی کنٹرول میں دینے کیلئے شیڈول جاری ہوچکا ہے۔راولپنڈی کی باری فروری2018میں آئے گی۔کمپنی اداروں کا کنٹرول لینے کا آغاز نومبر2017سے کرے گی۔
تازہ ترین