• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائد اعظم ٹرافی،کراچی وائٹس کیخلاف حبیب بینک کو اپ سیٹ شکست

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں کراچی وائٹس نے حبیب بینک کی مضبوط ٹیم کو 9 وکٹ سے اپ سیٹ شکست دے دی۔ کراچی کی ٹیم ٹورنامنٹ میں مشکلات سے دوچار تھی اس نے پہلی بڑی کامیابی حاصل کی۔ ناکام ٹیم نیشنل بینک کمپلکس میں پہلی اننگز میں137 اور دوسری اننگز میں 191 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ فاسٹ بولر محمد سمیع نے55 رنز دے کر پانچ اور انور علی نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ کراچی کی پہلی اننگز میں نوجوان احمد اقبال نے99 رنز بنائے تھے۔ میچ کے بعد کے سی سی اے کے سابق صدر پروفیسر اعجاز فاروقی نے کراچی کے تین کھلاڑیوں محمد سمیع، احمد اقبال اور عبداللہ مقدم کو پانچ پانچ ہزار روپے کا انعام دیا۔ محمد سمیع نے میچ میں 9 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ کراچی کی ٹیم اگلے رائونڈ میں محمد سمیع اور انور علی کی خدمات سے محروم ہوگی۔ دونوں ہانگ کانگ سکسز میں شرکت کرنے جارہے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے چوتھے رائونڈ کے تیسرے دن ایل سی سی اے گرائونڈ میں سوئی ناردرن گیس نے لاہور بلیوز کوپانچ وکٹ سے شکست دے دی۔ افتخار احمد نےنصف سنچری اور مصباح الحق نے21 ناٹ آئوٹ رنز بنائے۔ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں سوئی سدرن گیس نے فیصل آباد کو اننگز اور تین رنز سے شکست دے دی۔ عمر امین نے145 رنز کی اننگز کھیلی۔ کاشف بھٹی نے8 وکٹ پچاس رنز دے کر حاصل کئے۔ پنڈی اسٹیڈیم میں یو بی ایل نے پنڈی ریجن کو سات وکٹ سے شکست دے دی۔
تازہ ترین