• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرینگر کی مرکزی جامع مسجد میں مسلسل چوتھے ہفتے بھی نماز جمعہ پر پابندی

کراچی(جاوید رشید)مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سرینگر کی مرکزی جامع مسجد میں مسلسل چوتھے ہفتے نماز جمعہ کی ادائیگی پر پابندی رہی ، شہر کےبیشتر علاقوں میں کرفیو اور پابندیاں برقرار رہیں جبکہ حریت رہنما میرواعظ عمر فاروق اپنی رہائشگاہ میں نظر بند رہے ، کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری پابندیوں اور زیادتیوں کی شدید مذمت کی ہے ، ان کا کہنا ہے کہ ریاستی حکمران ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت آئے روز مرکزی جامع مسجد سرینگر اور شہر خاص کو نشانہ بنا رہے ہیں اور اس طرح مسلمانان کشمیر کے اس سب سے بڑے دینی و روحانی مرکز کی اہمیت اور مرکزیت کو نقصان پہنچانے کی پالیسی پر عمل کیا جارہا ہے، بیان میں کہا گیا کہ حریت چیئرمین میرواعظ کو پروگرام کے مطابق اہلیان چرار شریف کی خصوصی دعوت پر آج چرار شریف جاکر وہاں علمدار کشمیر حضرت شیخ نور الدین نورانی ؒ کے آستان عالیہ پر وعظ و تبلیغ کی مجلس سے خطاب کرنا تھا لیکن حکمرانوں نے علی الصبح حریت چیئرمین کو اپنی رہائش گاہ میں نظر بند کرکے ان کی پُر امن سرگرمیوں پر طاقت کے بل بوتے پر پابندی عائد کردی ۔ بیان میں کہا گیا کہ ریاستی حکومت یہاں کے عوام کے جان و مال اور عزت کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوکر ’ کھسیانی بلی کھمبا نوچے‘ کے مصداق حریت قیادت کو اپنے عتاب کا نشانہ بنا رہی ہے، کشمیر ی خواتین کی لگاتار تذلیل کا سلسلہ جاری ہے اور دوسری طرف یہاں کی خواتین کی چوٹیاں کاٹے جانے جیسے شر انگیز کارروائیوں میں ملوث عناصرکا نہ پکڑا جاناحکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
تازہ ترین