• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان تحریک انصاف بلجیم میں اختلافات ختم، تینوں دھڑے متحد

برسلز(عظیم ڈار)پاکستان تحریک انصاف بلجیم کے تینوں دھڑے متحد ہوگئے۔ تین سال قبل پی ٹی آئی کے چند ممبران کے آپسی اختلافات کی وجہ سے پارٹی میں پہلے دو دھڑے بنے اور بعد میں ایک تیسرا دھڑا بھی ایک سال پہلے معرض وجود میں آگیاتھا۔پی ٹی آئی بلجیم کے سینئر رہنما اور سابق نائب صدر غلام ربانی عرف بابو بھائی نے پارٹی کو متحد کرنے کے لئے متعدد کوششیں کیں۔پی ٹی آئی کے مرکزی رہنمائوں اور اوورسیز چیپٹر کے ممبران نے برسلز کے دورے کیے اور دھڑے بندیوں کو ختم کرنے کیلئے پہلے غلام ربانی بابو بھائی کو بلجیم پی ٹی آئی کا کوآرڈینیٹر منتخب کیا تاکہ پارٹی کو اکٹھا کریں اور اختلافات کی اصل وجہ تک پہنچ کر انتخابات کا سلسلہ شروع کریں ۔پی ٹی آئی بلجیم کے سینئر رکن شعیب خان کو بھی ممبر شپ کو آرڈینیٹر منتخب کیا گیا کہ وہ بھی پارٹی میں دراڑیں ختم کریں۔ برسلز میں پچھلے دو سے تین ماہ کے دوران پی ٹی آئی بلجیم میں تین سو سے زائد نئے ممبران بنائے گئے اور آپسی اختلافات ختم کرنے کی غرض سے میٹنگیں بھی ہوئیں اور تمام دوستوں کی کوششوں سے گزشتہ شام تینوں دھڑوں سے ممبران کو بلایا گیا کیونکہ چار روز قبل سردار صدیق خان نے برسلز سینٹر میں ایک نئی دکان خریدی اور اس کی پہلی منزل پر پی ٹی آئی بلجیم کا سیکرٹریٹ آفس قائم کیا اور منادی کردی کہ آئندہ تمام پروگرام سیکرٹریٹ منعقد کیے جائیں گے۔ آفس اور دیگر کاوشوں کے بعد ممبران نے آپس میں بیٹھنے کو ترجیح دی اور گزشتہ شام منعقدہ میٹنگ میں تینوں دھڑوں کے ممبران نے شکیل گوہر کو پی ٹی آئی بلجیم کا چیئرمین ،سردار صدیق خان کو صدر اور چوہدری افتخار وڑائچ کو سرپرست نامزد کیا ہے۔ جبکہ باقی عہدوں کا اعلان بعد میں کیاجائے گا۔ گزشتہ روز کی میٹنگ مرزا عمران ، آفتاب وڑائچ اور میاں اشرف کی سربراہی میں کی گئی تھی۔ پی ٹی آئی بلجیم کے کوآرڈینیٹر غلام ربانی بابو بھائی نے جنگ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پی ٹی آئی بلجیم سب سے بڑی سیاسی قوت بن کر سامنے آئی ہے اور ہمیں چاہئے کہ ہم پارٹی کو متحد کرنے کیلئے تمام ممبران کی یکساں عزت کریں گے تو پارٹی مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم عہدوں کی بنیاد پر جب کسی ممبر کو زیادہ عزت دیتے ہیںتب ہی پارٹی میں اختلافات کی فضا پیدا ہوتی ہے، انہوں نے بتایا کہ میں پی ٹی آئی بلجیم کو عندیہ دیتا ہوں کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھنے کیلئے تمام ممبران کو برابری کی بنیاد پر حسن سلوک کی روایت قائم کریں۔ پی ٹی آئی بلجیم کے اتحاد کے بعد بلجیم میں دیگر سیاسی پارٹیوں کے عمائدین بھی اب آپس میں متحد ہونے کے لئے کوششوں میں مصروف ہیں۔ پی ٹی آئی بلجیم کے متحد ہونے کے بعد پارٹی ممبران نے ایک دوسرے کو مبارکباد دیں دیں۔واضح رہے کہ سردار صدیق خان جو کہ پی ٹی آئی بلجیم کے سینئر رکن تھے انہوں نے پچھلے سال انتخابات کے سلسلہ میں اپنا نام صدر کے لئے پیش کیا تھالیکن پی ٹی آئی بلجیم کی کور کمیٹی کے ممبران نے شکیل گوہر کو پی ٹی آئی بلجیم کی صدارت کیلئے نامزد کردیا۔سردار صدیق خان کو کہا گیاکہ وہ اس مرتبہ شکیل گوہر کو صدر بننے دیں ،معاملات جوں کے توں چلتے رہے اور پی ٹی آئی بلجیم کے انتخابات جو پچھلے سال منعقد ہونے تھے وہ مزید اختلافات کی وجہ سے نہ ہوسکے اور یوں اختلافات بڑھتے گئے۔ چند ماہ قبل سردار صدیق خان نے پھر اعلان کردیا کہ وہ اس دفعہ منعقدہ انتخابات میں صدر کیلئے الیکشن میں پھر حصہ لیں گے۔ چنانچہ سردار صدیق خان نے پی ٹی آئی بلجیم کیلئے بھرپور محنت کی ۔ مزید برآں پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے دو دفعہ عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خانم اور ایک دفعہ پاکستان کے نامور گلوکار ابرارالحق چندہ مہم کی غرض سےبلجیم کا دورہ کرچکے ہیں ۔
تازہ ترین