• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برما کے مظلوم مسلمانوں کی بھرپور مدد کی جائے، راحیلہ احمد

مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل) برما میں روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے وحشیانہ مظالم میں دوبارہ شدت آگئی ہے۔ عورتوں، بچوں کو بھی اس کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ آئے روز عورتوں کی عصمت دری کے دلخراش واقعات رونما ہورہے ہیں۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں، اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں اور امت مسلمہ کے لیے باعث تشویش اور لمحہ فکریہ ہے۔ مذہب کے نام پر مسلمانوں کی سرعام نسل کشی اور بین الاقوامی سطح پر واضح خاطر خواہ ٹھوس اقدامات اٹھاکر برما کی حکومت، فوج اور بدھ مت ملیشیا پر سفارتی دبائو نہ ڈالنا دہرے معیار کو عیاں کرتا ہے۔ ان دکھ بھرے خیالات و جذبات کا اظہار راحیلہ احمد، رانا سمیع، بلال احمد، افتخار احمد، افضال خان، محسن غفور نے پاکستانی کمیونٹی سینٹر لانگ سائیڈ مانچسٹر میں روہنگیا کے مسلمانوں کی مالی امداد کے لیے منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا۔ نہوں نے مزید کہا کہ بحیثیت انسان و مسلمان ہماری اولین اخلاقی ذمہ داری ہے کہ اپنے مظلوم بھائیوں، بہنوں، بچوں و بزرگوں کی ہر طرح سے ممکن مدد کریں، جن کا برما میں جینا اجیرن بن گیا اور انہیں مجبوری کے عالم میں ہجرت کرکے بنگلہ دیش میں پناہ لینی پڑی اور اب مہاجرین کیمپ میں کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے مہذب معاشرے میں رہتے ہوئے ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے کہ اپنے حلقہ کے ممبران پارلیمنٹ و کونسلرز حضرات سے رابطہ کرکے انہیں اس بات پر قائل کریں کہ وہ برما میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف عملی اقدامات اٹھائیں۔ اس موقع پر مہندی، ملبوسات کے سٹال اور چند قیمتی اشیا کی نیلامی بھی گئی اور جمع شدہ رقم مسلم ایڈز کے حوالے کرکے برما تک پہنچائی جائے گی۔ بڑی تعداد میں مقامی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کرکے روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور دل کھول کر عطیات دیئے۔
تازہ ترین