ڈگری (نامہ نگار )جھڈو پولیس کی منشیات فروشوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائی پیر کے روز بھی جاری رہی جس میں مین پوری اور گٹکا بڑی تعداد میں بر آمد کرکے ملزمان گرفتار کئے گئے۔ گٹکا فیکٹری کے مالک سمیت ملزمان پر مقدمات درج، شہری حلقوں کا خیر مقدم تفصیلات کے مطابق جھڈو پولیس نے پیر کو بھی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران گٹکا بنانے کے کارخانے پر چھاپہ مارا اور مین پوری اور گٹکا سپلائی کرنے والے ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک ہزار گٹکے اور 700مین پوری کی پڑیاں بر آمد کرکے تین ملزمان الطاف کےکے، محمد رفیق، اور بیجل ریباری کو گرفتار کرلیا اور ان کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے۔ پولیس نے گزشتہ روز چھاپے کے دوران فرار ہونے والے گٹکا بنانے والی فیکٹری کے مالک اکرم خاصخیلی کے خلاف بھی منشیات تیار اور فروخت کرنے کےالزمات میں دو علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرلیے ہیں۔ ایس ایچ او جھڈو فرمان اگھیم نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کو مزید موثر بنایا جائے گا۔ دریں اثناء شہری حلقوں کے نمائندوں حاجی خورشید علی خان، ڈاکٹر شمشاد علی خان اور کونسلر حاجی فضل میمن نے منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس بڑے منشیات فروشوں اور ان کے سر پرستوں کے گرد بھی گھیرا تنگ کرے۔