• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان چھوٹوں کا بڑا کارنامہ، پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ کرکٹ فائنل میں آئوٹ کلاس

  کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی جونیئر کرکٹ ٹیم کا انڈر19ایشیاکپجیتنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا اور شرم ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ افغان چھوٹوں نے بڑا کام کرتے ہوئے گرین کیپس کو ٹورنامنٹ میں دوسری مرتبہ آئوٹ کردیا اور پہلی بار ایشین ٹائٹل جیت کر نئی تاریخ رقم کی۔ افغانستان نے پہلا ایشیا کپ ٹورنامنٹ اپنے نام کیا ہے۔ اتوار کو ملائشیا کے شہر کوالالمپور میں ہونے والے فائنل میں افغانستان نے انڈر19ایشیا کپ فیورٹ پاکستان کو 185 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر تہلکہ مچا دیا۔ افغان ٹیم نے اپنی کارکردگی سے سب کو حیران کیا۔ پاکستانی ٹیم پہلا گروپ میچ بھی افغانستان سے ہاری تھی۔ پاکستانی ٹیم کی بدترین کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ افغانستان کے 248 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم 63 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سینئر ٹیم کی طرح جونیئر ٹیم کی بیٹنگ کارکردگی مایوس کن رہی۔ افغانستان کے مجیب نے 13رنز دے کر5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مجیب نے نیپال کے خلاف سیمی فائنل میں بھی چھ وکٹ حاصل کئے تھے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں بیس کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ انہوں نے پاکستان کے خلاف پہلے میچ میں بھی چھ وکٹ حاصل کئے تھے۔ پاکستانی اننگز22.1اوورز سے زیادہ مزاحمت نہ کر سکی۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے صرف دو بیٹسمین ڈبل فگر میں داخل ہو سکے ۔ محمد طحہٰ 19رنزبنا کرنمایاں رہے۔ فائنل میچ میں پاکستان کے کپتان حسن خان نے ٹاس جیت کر پہلے افغانستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ افغانستان نے7 وکٹوں کے نقصان پر 248رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے دو اور محمد موسیٰ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں جب پاکستانی بیٹسمین کریز پر آئے تو وہ افغانستان کے آف اسپنر مجیب زادران کی نپی تلی بولنگ کے سامنے ایک بار پھر بے بس نظر آئے۔ جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 63رنز بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے، محمد طحہ19اور حسن خان10رنز کے ساتھ نمایاں رہے، افغانستان کے مجیب نے 5 کے علاوہ قیس احمد نے 3 اور وفادار نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں پر 248 رنز بنائے۔ اکرام فیضی نے 2 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 113 گیندوں پر 107 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی ۔ انہوں نے منیر ریاض کے ایک اوور میں18رنز بنائے جبکہ اس اوور میں مجموعی طور26رنز بنے۔ جب کہ اوپننگ بیٹسمین رحمان گل 40اور ابراہیم زدران 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ 61رنز کی اوپننگ شراکت کے بعد فیضی نے چارچ سنبھالا اورپاکستانی بولنگ کے چھکے چھڑا دیے۔ پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے پچاس گیندوں پر14رنز بنائے۔ مجیب نے اپنے اسپیل میں سات اوورز کرائے اور صرف 13 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو شکار بنایا۔ واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے لیگ میچ میں بھی پاکستان کو افغانستان کے خلاف شکست فاش ہوئی تھی جب پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پوری ٹیم 57 بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور اس میچ میں بھی مجیب زادران نے سیمی فائنل میں نیپال کے خلاف بھی چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ انھیں سیمی فائنل اور فائنل دونوں میں میچ کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا۔
تازہ ترین