• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈربن میں بھارتی قونصل جنرل کی سرکاری رہائش گاہ پر ڈکیتی

لاہور (خالد محمود خالد)جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں بھارت کے قونصل جنرل شاشانک ورما کے اہل خانہ کو ان کی سرکاری رہائش گاہ پر ڈاکوئو ں نے یرغمال بنا کر انہیں رسیوں سے باندھ دیا اورقیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈربن کے انز روڈ پر واقع بھارتی قونصل جنرل کی رہائش گاہ پر ڈاکوئوں نے اس وقت دھاوا بول دیا جب قونصل جنرل گھر پر نہیں تھے ڈاکوئوں نے گھر میں داخل ہو کر قونصل جنرل کی اہلیہ، ان کے دو چھوٹے بچوں، ان کے گھریلو ملازم اور بچوں کو پڑھانے کے لئے آنے والے ٹیچر کو ایک کمرے میں لے جاکر وہاں انہیں رسیوں سے باندھ دیا اور آسانی کے ساتھ گھر کا قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ گھریلو ملازم کا موبائل فون بھی ڈاکو اپنے ساتھ لے گئے جس سے ان ڈاکوئوں کا سراغ لگانا آسان ہو جائے گا۔واقعہ میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا تاہم بھارت نے جنوبی افریقہ سے اس واقعہ پر سخت احتجاج کیا ہے اور کہا ہے کہ ویانا کنونشن کی روشنی میں بھارتی سفارتکاروں اور ان کی پراپرٹی کو تحفظ دینا جنوبی افریقہ کی ذمہ داری ہے۔بھارت نے اس واقعہ کی تفصیلی رپورٹ مانگ بھی لی ہے۔
تازہ ترین