• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے پی کے میں کوئی انڈسٹری نہیں لگی،زاہد شنواری

Todays Print

کراچی (ٹی وی رپورٹ)پیپلزپارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ ریاست نے اسلام آباد میں دھرنا دینے والوں کے آگے اپنے گھٹنے ٹیک دئیے، حکومت کہاں ہے؟ کیا کوئی بھی جبر کے ذریعے اپنے مطالبات حکومت سے منوا سکتا ہے، دو گروپس بنے ہوئے ہیں رضوی صاحب کا گروپ شہباز شریف کا گروپ ہے اور دوسرا گروپ وفاقی حکومت کا گروپ ہے ۔ وہ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان طلعت حسین کے ساتھ“ میں میزبان طلعت حسین سے گفتگو کررہی تھیں۔ پروگرام میں مسلم لیگ ن کے رہنما میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان، سینئر تجزیہ کار منیب فاروق ، نمائندہ جیو ایاز اکبر اور صدر کے پی کے چیمبر آف کامرس و انڈسٹری زاہد اللہ شنوار ی نے بھی حصہ لیا۔صدر کے پی کے چیمبر آف کامرس و انڈسٹری زاہد اللہ شنوار ی نے کے پی کے حالات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بد قسمتی ہے کہ ہمارے صوبے میں بڑے عرصے سے کوئی انڈسٹری نہیں لگی،سینئر تجزیہ کار منیب فاروق نے کہا کہ اسلام آبا د میں جو کچھ اور جس پریشر کی وجہ سے ہوا وہ سب جانتے ہیں، پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دئیے مظاہرین کو کسی بات پر تو روکنا چاہئےتھالیکن ان کے مطالبات مان لئے گئے، مسلم لیگ ن کے رہنما میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمیں مظاہرین سے معاہدے پر کوئی شرمندگی نہیں ہے اور ہمارا ان سے معاہد ہ اچھے انداز میں ہوا اور ہمارے سینئرز نے کیا، پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دئیے مظاہرین سے ہم یہ نہیں چاہتے تھے کہ لاہور میں حالات خراب کئے جائیں، ان کا کہنا تھا کہ وزیر قانون کا استعفیٰ نوا ز شریف کی مشاورت سے لیا گیا ہے۔مسلم لیگ ن کے رہنما مجتبیٰ شجاع کا کہنا تھا کہ نصابی تعلیمی بورڈ میں علماء کے تمام مکاتب فکر کی کمیٹی موجود ہے اور جب نصاب کو فائنل کیا جاتا ہے تو علماء کی رائے شامل ہوتی ہے، لبیک یارسول اللہ کے نمائندوں کو ان کے کہنے پر اس بورڈ میں شامل کیا گیا ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ دھرنا مظاہرین نے پنجاب میں زیادہ توڑ پھوڑ نہیں کی بلکہ صرف فیض آباد میں کچھ توڑ پھوڑ کی گئی ، میاں مجتبیٰ کا کہنا تھا کہ ہم ریاست کو گروی رکھ کر اپنا ووٹ بینک واپس نہیں لینا چاہتے اور نہ کسی کے پاس کوئی پیمانہ ہے کہ وہ اس طرح ہمیں جج کرے، اسی طرح عقیدہ ختم نبوت اور عشق رسول کا معاملہ بھی اللہ اور اس کے رسول ہی بہتر جانتے ہیں، میاں مجتبیٰ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اگر اس معاہدے کے تحت تمام ایشوز کو حل کردے گی تو دوباہ انہیں باہر آنے کی ضروت نہیں رہے گی، نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ لوگوں کو آج اپنے اسلام کے بارے میں بتانا پڑرہا ہے کہ ہم مسلمان ہیں، لبیک یارسول اللہ نہ کہنے والے مار کھا رہے ہیں،نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ 2014میں لشکری عمران خان بھی دھرنا دینے کیلئے نکلے لیکن پی پی پی نے اس لئے ن لیگ کو سپورٹ کیا کہ تحریک انصاف کی ڈیمانڈ غلط تھی، اسی طرح زاہد حامد بھی جب لمبی چوڑی تقاریر کر رہے تھے انہیں اسی وقت استعفیٰ دینا چاہئے تھا نہ کہ لوگوں کی ڈیمانڈ پر، کل کسی کو میری شکل پسند نہ آئے کیا وہ مجھ سے استعفیٰ مانگنے کھڑا ہوجائے گا، ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد دھرنے میں شہباز شریف نے ثالثی کا کردار ادا کیا کیونکہ فوج خود نہیں آیا کرتی ۔

تازہ ترین