• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برمنگھم میں ڈاکوئوں کی نومولود کو نقصان پہنچانے کی دھمکی

لندن (پی اے) برمنگھم میں ڈاکوئوں نے ایک گھر میں گھس کر نومولود بچے کو گود میں اٹھا کر دھمکی دی کہ رقم کے بارے میں نہ بتایا تو بچے کو نقصان پہنچادیں گے۔ گینگ نے گھر میں خاتون کے حلق پر بھی چاقو رکھ کر رقم کا تقاضہ کیا۔ پولیس کے مطابق یہ برمنگھم بھر میں ہونے والی ڈکیتیوں کی گھنائونی وارداتوں میں سے ایک تھی۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف گروپوں کے ہاتھوں کی جانے والی ایسی 28وارداتوں کی تحقیقات کی جارہی ہے جس کا ایک دوسرے سے کوئی تعلق سامنے نہیں آیا۔ ویسٹ مڈلینڈز فورس کے مطابق متعدد وارداتوں کے دوران تشدد کا استعمال کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر متاثرین کو بھی دھمکی دی گئی مگر نقصان نہیں پہنچایا گیا۔ ایک متاثرہ کو لوہے کی سلاخ سے ضرب لگائی گئی جبکہ دیگر متاثرین کو گھونسے رسید کئے گئے۔ جس واردات میں بچے کو گود میں لے کر نقصان پہنچانے کی دھمکی دی گئی وہ 8نومبر کو بالسال ہیتھ میں ہوئی۔ فرنٹ ڈور زبردستی کھلوایا گیا اور خاتون کو بیڈروم میں چلنے کا حکم دیا۔ ڈاکوئوں نے الیوم راک، ایجسٹن، ایرڈنگٹن، فوراوکس، ہال گرین، کٹس گرین، سمال ہیتھ اور ونسن گرین میں بھی وارداتیں کیں۔
تازہ ترین