• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی صدر کے اعلان سےامن کو خطرات لاحق ہوں گے ،افضل خان

مانچسٹر(نمائندہ جنگ) مرکزی جامع مسجد ومدرسہ حضرت سلطان باہو چیتہم ہل میں سالانہ عظیم الشان محفل میلادالنبیﷺ ، حسن قرأت و نعت اور دستار فضلیت کا انعقاد کیا گیا۔محفل کی صدارت صاحبزادہ پیر سلطان فیاض الحسن قادری نے کی جب کہ مہمان خصوصی صاحبزادہ سید سلطان نیاز الحسین قادری تھے۔ اس موقع پر شیڈو وزیر امیگریشن محمد افضل خان سمیت برطانیہ بھر سے علمائے کرام کے علاوہ پاکستان سے ثنا خوانان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پرمدرسہ ہٰذا میں حفظ اور ناظرہ قرآن کریم مکمل کرنے والے طلباء کی دستار بندی کی گئی اور سرٹیفکیٹ دیئے گئےجب کہ قرعہ اندازی کے ذریعے 12 خوش نصیبوں کو عمرے کے ٹکٹ بھی دیئے گئے۔اس موقع پر شیڈو وزیربرائے امیگریشن محمد افضل خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کے اعلان کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھے گی اور امن کو خطرہ لاحق ہو گا، مسلم کمیونٹی کو باربار نشانہ بنانے سے حالات خراب ہوں گے۔ افضل خان نے کہا کہ برطانیہ ایک ملٹی کلچر معاشرہ ہے جہاں مختلف کمیونٹیز آباد ہیں اور ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام اور آپس میں ہم آہنگی پر یقین رکھتی ہیں۔پیر فیاض الحسن قادری نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کادار الحکومت تسلیم کرنے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ امریکی صدر کا اعلان جلتی پر تیل ڈالنے کے مترادف ہے،انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نےعالمی امن کو خطرے میں ڈالا ہے۔ اس فیصلے سے دہشت گردی میں اضافہ ہوگا، مسلمانوں کو صبر تحمل کے ساتھ حکمت عملی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر قاری ظہور احمد سیفی، علامہ عمر حیات قادری، علامہ شبیر احمد سیالوی،علامہ محمد دین سیالوی،سید مظفرشاہ نے اظہار خیالات کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس امت مسلمہ کا قبلہ اول اور مسلمانوں کے ایمان اور محبتوں کا مرکز ہے، اسلام ایک پُرامن مذہب ہے، تمام امت مسلمہ اتحاد بین المسلمین پر اتفاق اور ایک جھنڈے کے نیچے جمع ہو جائے تو دنیا کی کوئی طاقت انہیں آپس میں علیحدہ نہیں کرسکتی،علمائے کرام نے کہا کہ امریکی صدر نے پورے عالم اسلام پر وار کیا ہے، ہمیں چاہئے کہ مظلوم فلسطینی بھائیوں کی مدد کریں اور فلسطین کی آزادی کو یقینی بنانے کے لئے برطانیہ کی پارلیمنٹ میں اپنے ایم پی کو خط لکھیں اوردستخطی مہم چلائیں، علمائے کرام نے کہاکہ سلطان باہو مسجد میں قرآن مجید کی تعلیم دینے کا مقصداپنی نسل کو اچھا شہری بنانا اور اس کی بہترتربیت کرنا ہے، یہی پیغام حضرت سلطان باہو کا ہے کہ قرآن پاک کی تعلیم کو عام کیا جائے ، محفل کی نظامت حافظ مسعود عالم نے کی۔ الحاج شہباز آفریدی ، سید صداقت عباس کاظمی، قاری جاوید اختر چشتی، حاجی ریاض احمد، عبدالحلیم، طارق محمد صمدانی نے کلہائے عقیدت نچھاور کئے۔ تلاوت کلام پاک الشیخ نادی حنفاوی (مصر) اورقاری ظہور احمد سیفی نے کی۔ عمر ےکے ٹکٹ حاجی اکبر خان، حاجی رحمت علی، محمد اشرف، نصیب تاج، محمد طارق، محمد تصدق اعجاز، محمد عمران، محمد عدنان، قیصر فیاض، شاہد محمود، محمد ظریف، محمد سجاد، حاجی مزمل، حاجی نذیر احمد، ندیم احمد نے حاصل کئے۔ روحانی محفل میں موئے مبارک کی زیارت بھی کرائی گئی ،محفل میں کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تازہ ترین