• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد میں روڈ کارپٹنگ اپنے وسائل سے مکمل کر رہے ہیں‘ انصر عزیز

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کی مشینری پول آرگنائزیشن (ایم پی او) کو نہ صرف اپنے پائوں پر کھڑا کر رہا ہے بلکہ اب اپنے وسائل سے شہر کی ضروریات بھی پوری کر رہا ہے۔ اب ہم اس پوزیشن میں آ گئے ہیں کہ ایم پی او کی مشینری پرائیویٹ ادارے بھی حاصل کر سکتے ہیں جس سے نہ صرف ایم سی آئی کو مالی فائدہ ہو گا بلکہ ادارے کے اپنے کام نہایت کم قیمت پر ہو سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار میئر اسلام آبادو چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے مارگلہ روڈ خیابان اقبال ایف ٹین چوک پر جاری کارپٹنگ کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ ڈائریکٹر ایم پی او عمر صغیر رانا سمیت دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ایم پی او کے شعبے کے فعال ہونے کے بعد شہر بھر میں ہونیوالی روڈ کارپٹنگ خودانحصاری کے تحت اپنے وسائل سے مکمل کی جا رہی ہے جس سے سرکاری فنڈز میں کروڑوں روپے کی بچت ہی نہیں کی گئی بلکہ کام کے اعلیٰ معیار کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔ اُنہیں بتایا گیا کہ مارگلہ روڈ سیکرٹریٹ تا ایف ٹین چوک تک کارپٹنگ مکمل کر لی گئی ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران مکمل کی جانے والی شاہراہوں کی کارپٹنگ کے منصوبوں کی تفصیل میئر اسلام آباد کو بتاتے ہوئے کہا گیا کہ اس دورانئے میں اسلام آباد میں کل 190کلومیٹر سڑکوں کی کارپٹنگ کا کام ایم پی او ڈائریکٹوریٹ نے اپنے دستیاب وسائل کو موثر طریقے سے بروئے کار لاتے ہوئے مکمل کیا ہے جس میں شاہراہ دستور، پیر سوہاوہ، جی ایٹ رائونڈ ابائوٹ، سیکرٹریٹ بلاکس، سیکٹر ڈی بارہ، کنونشن سنٹر، ڈپلومیٹک انکلیو، سروس روڈ نارتھ سیکٹر ای الیون، خیابان سہروردی، سرینا چوک، وی آئی پی لوپ فیض آباد، خیابان اقبال، مارگلہ روڈ اور پربت روڈ سمیت مختلف سڑکوں کی کارپٹنگ مکمل کی جا چکی ہے۔ میئر اسلام آبادو چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ سی ڈی اے اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے تمام شعبوں میں دستیاب وسائل کو موثر استعمال میں لا کر مختلف شعبوں کو خودانحصاری کے راستے پر ڈالا گیا ہے جس کے باعث سروس ڈیلوری کے معیار میں بہتری آئی ہے۔ ادارے کے تمام شعبوں کو خود انحصاری اور دستیاب وسائل کے درست استعمال کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ جہاں تعمیراتی کاموں میں جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لایا جا سکے وہاں ادارے کو اپنے پائوں پر کھڑا کیا جا سکے کیونکہ مضبوط ادارے ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں زیادہ معاون ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی کہ وہ مرحلہ وار اسلام آباد کی تمام چھوٹی بڑی شاہراہوں بالخصوص زیادہ گنجان آباد اور پرانے سیکٹروں کے اندر کی سڑکوں اور سروس روڈز پر توجہ دی جائے۔
تازہ ترین