• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ،آلودہ پانی کے استعمال سے لاکھوں شہری خطرناک بیماریوں میں مبتلا

کراچی (اعظم علی /نمائندہ خصوصی) پانی کی قلت کی وجہ سےکراچی اور اس کے گرد ونواح کے علاقوں میں واقع 600سے زائد کچی آبادیوںمیں آلودہ اور زیر زمین پانی پینے سے روزانہ ہزاروں شہری خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں جبکہ کراچی کے لاکھوں شہری زہریلا پانی پینے سے پہلے ہی امراض میں مبتلا ہوچکے ہیں ، جناح اسپتال کے پبلک ہیلتھ ایکسپرٹ ڈاکٹر یحییٰ اور صوبائی سیکریٹری تحفظ ماحولیات بقا اللہ انڑ نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ زیر زمین بورنگ کے پانی میں زہریلے مادے موجود ہیں جن کے استعمال سے انسانی زندگی میں دور رس بیماریاں جنم لے رہی ہیں ، وزیر اعلیٰ سندھ کے خصوصی معاون برائے کچی آبادی غلام مرتضیٰ بلوچ نے بتایا کہ کراچی اور اس کے گرد ونواح میں 659 کچی آبادیا ں ہیں اور ان کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے سندھ حکومت تیزی سے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔ جناح اسپتال کے ڈاکٹر یحییٰ کا کہنا تھا کہ مجبورا زیر زمین بورنگ کا پانی استعمال کرنے سے بظاہر دست، دانتوں کی تکلیف ، گردے ناکارہ ہونے کی شکایات کے ساتھ مریض آرہے ہیں تاہم یہ ابتدائی امراض ہیں اس کے دور رس خطرناک نتائج سے عوام بے خبر ہیں۔ صوبائی سیکریٹری تحفظ ماحولیات بقااللہ انڑ کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں سندھ حکومت کے متعلقہ ادروں کو تحریری طور پر باخبر کردیا گیا ہے تاہم اسے جنگی بنیادوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے حکومت فوری طور پر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگا کر پینے کا پانی فراہم کرسکتی ہے۔ ڈاکٹر یحییٰ کا کہنا تھا نہ بورنگ کا پانی استعمال کرنے سے بلکہ آلودہ پانی پینے سے بھی خطرناک بیماریاں پھیل رہی ہیں جسے فوری روکنا ہوگا۔
تازہ ترین