• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران سے تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے،برطانیہ

لندن (اے پی پی) برطانوی وزیرخارجہ بورس جانسن نے کہا ہے کہ ایران اور برطانیہ کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایران کے دورے میں ایرانی حکام کے ساتھ ان کے مذاکرات مثبت اور تعمیری رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایٹمی معاہدے کے بعد ایران اور برطانیہ کے تعلقات میں نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔ انہوں نے برطانیہ کے لئے ایٹمی معاہدے کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی حکام کے ساتھ مذاکرات میں ایٹمی معاہدے کو باقی رکھے جانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے کہا کہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی نے ایٹمی معاہدے پر ایران کے کار بند رہنے کی بارہا تصدیق کی ہے۔ انہوں نے امریکی صدر کی طرف سے ایٹمی معاہدے پر ایران کے وعدوں کی تکمیل کی تائید نہ کئے جانے کی جانب کوئی اشارہ کئے بغیر کہا کہ سبھی فریقوں کو چاہئے کہ اس معاہدے کے بارے میں اپنے وعدوں پر عمل کریں۔
تازہ ترین