• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی سیپک ٹاکرا،پاکستان کامیابی کا کھاتہ کھولنے میں تاحال ناکام

بنکاک،تھائی لینڈ (شکیل یامین کانگا /نمائندہ خصوصی ) تھائی لینڈ کے مینز اور ویمن کھلاڑیوں نے کنگز کپ ورلڈ سیپک ٹاکرا چیمپئن شپ کے ہوپ ایونٹ کے ویمن اور مینز میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ چیمپئن شپ میں پاکستانی ٹیم چوتھے روز بھی کوئی کامیابی حاصل نہیں کرسکی اور ویمن ڈبلز اور مینز ڈبلز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مینز ایونٹ کے کوارٹر فائنل جمعرات کو کھیلے جائیں گے۔ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک کے فیشن آئی لینڈ میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ کے ویمن ڈبلز میں پاکستانی ٹیم کو نیپال نے دو صفر کی شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں ایران نے بھی پاکستان ویمن کو دو صفر سے زیر کیا۔ پہلے سیٹ میں شکست کھانے کے بعد پاکستانی ٹیم نے کم بیک کرنے کی شاندار کوشش کی لیکن انتہائی کم مارجن سے ایران نے دوسرے سیٹ میں کامیابی حاصل کرکے مقابلہ اپنے نام کیا۔ پاکستان مینز ٹیم ڈبلز ایونٹ میں جرمنی سے شکست کھا گئی ۔ البتہ ذیشان بابر اور آصف ظہیر کی کارکردگی بہتر رہی ۔ بلجیم نے بھی مینز ڈبلز میں پاکستانی ٹیم کو زیر کیا۔ چیمپئن شپ کے تیسرے روز ہوپ ایونٹ کے مقابلے مکمل ہوئے جس میں تھائی لینڈ نے خواتین اور مردوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ مینز میں فلپائن نے دوسری، ویتنام اور ایران نے مشترکہ طور پر تیسری، ویمن ایونٹ میں ویتنام نے دوسری اور فلپائن اور بھارت نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
تازہ ترین