• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دو سو سے زائد کارڈرائیور موٹر وے پر برف باری میں پھنس گئے

لندن(پی اے)2سو سے زائد کار ڈرائیورز موٹر وے پر برف باری میں پھنس گئے۔ رات کو ایم 74پر شدید برف باری سے ڈرائیونگ کرنے کے لئے حالات مخدوش ہوگئے تھے۔ خرابی موسم کے باعث سکاٹ لینڈ کے کچھ علاقوں میں درجنوں سکول بند کردیئے گئے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ متاثر ہوئی۔ پولیس سکاٹ لینڈ نے لنکاشائر میں موٹر وے کے کچھ حصے دونوں سمتوں میں بند کردیئے تھے۔ ٹرانسپورٹ سکاٹ لینڈ نے کہا ہے کہ ایم 74اب دونوں سمتوں میں کھلی ہے بہرحال ایک مشکل رات کےبعد صورتحال بدستور چیلنجنگ ہے۔ ایجنسیاں ٹریفک رواں رکھنے کے لئے کام کررہی ہیں موفاٹ مائونٹین ریسکیو نے موٹر وے پر روڈ کلیئرنس کے لئے آپریشن میں مدد دی سرحدوں پرتمام سکول خرابی موسم کے باعث بند ہیں جبکہ ہائی لینڈز میں 16سکینڈری سکول، 58 پرائمری سکول اور44نرسریاں بند ہیں ڈمفرائز اور گیلووے میں تقریباً 20سکول اور سائوتھ لنکاشائر میں 28سکول اور نرسریاں بند ہیں میٹ آفس نے ملک کے زیادہ علاقوں میں برف باری کی یلو وارننگ جاری کی ہے جو جمعہ تک موثر رہے گی۔ ڈمفرائز اور گیلووے میں سکالڈیمئر کے علاقے میں ایک فٹ سے زائد برف ریکارڈ کی گئی ہے کو ارماغ کے علاقے گلینین میں 23سنٹی میٹر اور انورنیس کے علاقے ٹلوک برج میں 21سینٹی میٹر برف پڑی جبکہ درجہ حرارت منفی 4سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ انگلینڈ اور ویلز میں کہیں بھی درجہ حرارت 2سینٹی گریڈ سے اوپر نہیں جاسکا۔ میٹرولوجسٹ الیکس برکل نے کہا ہےکہ سکاٹ لینڈ میں خاص طور پر شدید بارش اور برف باری ہوئی ہے۔ برطانیہ کا ایک بڑا علاقہ برف سے ڈھکا ہوا ہے اور آئس وارننگ دی گئی ہے۔ تیزہوائیں چلیں گی کیونکہ رات کو ہوا کے دبائو میں کمی آئے گی۔جس سے سکاٹ لینڈ کے کچھ علاقوں خاص طور پرشمالی انگلینڈ میں برف باری ہوسکتی ہے فور کاسٹرز نے وارننگ دی ہے کہ شمالی انگلینڈ اور ویلز میں 70میل فی گھنٹہ کی رفتار سےہوائیں چل سکتی ہیں۔
تازہ ترین