• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی ڈ ی اے آپریشن ،24جھگیاں ،6بھینس باڑے مسمار

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) سی ڈی اےکے شعبہ انفورسمنٹ نے شہر کے مختلف سیکٹرز میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کا ازسرنوآغاز کردیا ہے،دوران آپریشن سیکٹر جی ٹین میں پی ایچ اے فلیٹس کی جانب سے برساتی نا لے پر قبضہ کر کے کی جانے والی بھرائی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے2 ایکسیویٹرمشینیں ضبط کر لی گئیں، جبکہ مختلف سیکٹرز میں گرین بیلٹس پر قائم 24 جھگیاں ،6بھینسوں کے باڑوں اورتعمیراتی مٹیریل کے ٹھیے مسمارکرنے سمیت دیگرسامان اورمشینری بھی ضبط کرلی گئیں۔ منگل کو سی ڈی اے کے شعبہ انفورسمنٹ نے تجاوزات اور غیر قانو نی تعمیرات کے خلاف آپریشن کیا۔آپریشن کا آغاز سیکٹر جی سیون ون چناب مارکیٹ سے کیاگیا جہاں پرسپیشل برانچ کے سامنے موجود برساتی نالے میں عمارتی میٹریل اورکچرا نالے میں ڈالا جارہا تھا ،اس موقع پر کچرا اورمیٹریل ڈالنے والی ٹریکٹر ٹرالی کوضبط کرلیاگیاجبکہ تعمیراتی میٹریل کے ٹھیہ سے ترسیل کیلئے استعمال کی جانے والی ٹریکٹر ٹرالی اوردو سزوکی گا ڑیا ں قبضے میں لے کر سٹور میں جمع کروادی گئی،بعد ازاں آئی ایٹ کرسچن قبرستان سے ملحقہ 6بھینس باڑے اورایک بھوسے کا ٹال مسمارکیاگیا،آئی نائن ڈبل روڈپر گرین بیلٹ پر قبضہ کرکے تعمیرشدہ جھگیاں اورپنڈورہ چونگی نالے کے ساتھ واقع 22جھگیاں مسمارکی گئیں،آئی نائن سروس روڈ ویسٹ پرغیر قانونی طور پر قائم تعمیراتی سامان کے 5ٹھیے ختم کرائے گئے۔سیکٹر جی سکس میلوڈی پمپ کے عقب میں قائم تجاوزات کو بھی مسمارکیاگیا اوراس موقع پر ایک ٹرک سامان بھی ضبط کرلیاگیا۔جبکہ ایف الیون مرکز میں ہوٹل مالکان کی جانب سے کی گئی تجاوزات کو بھی مسمار کرتے ہوئے دوٹرالے سامان ضبط کرلیاگیا۔شعبہ انفورسمنٹ کا یہ آپریشن آج بدھ کوبھی جاری رہے گا ۔
تازہ ترین