• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری سطح پر ریسرچ کو اہمیت نہیں دی جاتی،ڈاکٹر اقبال چوہدری

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سائنسدان اور انٹرنیشنل فارکیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز کے سربراہ ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ ہمارا قومی المیہ ہے کہ ریسرچ کی اہمیت کو سمجھنے کے باوجود سرکاری سطح پر ریسرچ کو کوئی اہمیت نہیں دی جاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ ہمارے یہاں دانش کا بحران ہے، بیماریاں اور مسائل بڑھ رہے ہیں، اسکے باوجود بھی ہم کہہ سکتے ہیں مایوسی کی کوئی بات نہیں کیونکہ مخیر حضرات ملک میں تحقیق پر فنڈنگ کر رہے ہیں، انہوں نے یہ بات ڈاؤ یونیورسٹی کے ڈاکٹر عبدالقدیر خان آڈیٹوریم میں ریسرچ ڈے پر بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے بھی خطاب کیا جبکہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ریجنل ڈائریکٹر جاوید میمن ، ڈاؤ یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر محمد مسرور، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر امان اللٰہ عباسی ، ڈاؤ انٹرنیشنل میڈیکل کالج کی پرنسپل زرناز واحد، ڈائریکٹر فنانس ندیم شکورجویری،سینئر فیکلٹی میمبرز سمیت طبا کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ریسرچ ڈے کے آغاز میں نویں سالا نہ ریسرچ ڈے کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر کاشف شفیق نے بتایا کہ سندھ کی تمام یونیورسٹیوں نے اس ریسرچ ڈے میں شرکت کی، اس کے لیے ایک ہزار ریسرچرز نے حصہ لیا جس میں 278ریسرچ مقالے پیش کئے گئے جس میں سے 238ریسرچ مقالوں کو منتخب کیا گیااور 160ریسرچ مقالوں کو آج نمائش کیلئے پیش کیاگیا۔ تقریب کے آخر میں ڈاؤ ینورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر محمد آصف قریشی، آغاخان یونیورسٹی کی سیدہ سعدیہ فاطمہ اور وفاقی اردو یونیورسٹی کی طالبہ سنعیہ شبیر کو بالترتیب پہلا، دوسرے اور تیسرے انعام کے حق دار قراردیے گئے۔
تازہ ترین