• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوشش ہورہی ہے ایم کیوایم انتخابات کا بائیکاٹ کردے،خالد مقبول

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ)ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالدمقبول صدیقی نے کہا ہے کہ 2018 کے انتخابات میں پری پول دھاندلی پہلے ہی ہوچکی ہے‘ ایم کیوایم کی سیاسی سرگرمیوں پر غیر اعلانیہ پابندیاں لگادی گئی ہیں‘ ہمارے کارکنان کو گرفتار کیا جارہا ہے ‘ ان کی وفاداریاں تبدیل کرائی جارہی ہیں‘ کوشش کی جارہی ہے کہ اس طرح کے اقدامات کئے جائیں کہ ایم کیوایم انتخابات کا بائیکاٹ کردے ۔ وہ حیدرآباد میں زونل آفس پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ایم کیوایم کے قومی اسمبلی کے ا±میدوار صلاح الدین‘ صوبائی اسمبلی کے امیدوار صابر قائم خانی‘ راشد خلجی اور دیگر بھی موجو دتھے۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کو آزادانہ انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں دی جارہی‘ ہمارے پرچم اور بینرز اتارے جارہے ہیں‘ سندھ کے شہری علاقوں کی آواز کو اِن مصنوعی ایوانوں میں نہیں سناگیا تو پھر سندھ میں ایوان سڑکوں پر لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ گولی کے ذریعے ہمارا مینڈیٹ چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے۔ صحیح مردم شماری کرائی جاتی تو سندھ کا وزیراعلیٰ شہری علاقوں سے ہوتا‘ سندھ کے 85فیصد مینڈیٹ رکھنے والے ایم کیوایم کو کچرا اٹھانے کا بھی اختیار نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئین یہ تقاضا کرتا ہے کہ ہم پورے پاکستان میں زیادہ سے زیادہ صوبوں کی بات کریں‘ کہا جاتا ہے کہ زیادہ صوبوں سے لسانیت پھیلے گی‘ ہمارا مطالبہ ہے کہ انتظامی بنیادوں پر صوبے بنائے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم عالمی معاہدے کے تحت پاکستان میں آئے تھے اور اپنے حصے کا پاکستان بھی ساتھ لے کر آئے ہیں۔

تازہ ترین