• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئی بھی پارٹی کراچی کے لوگوں کے ساتھ سنجیدہ نہیں، حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ جب پورا نظام ہی قاتلوں کا سرپرست بن جائے تو مظلوموں کو کیسے انصاف مل سکتا ہے،35برسوں سے کراچی یرغمال بناہوا ہے،پارٹیوں اورحکومتوں نے ذاتی مفاد کے لیے ایم کیو ایم کے ساتھ تعاون کیا،سانحہ بلدیہ فیکٹری کے لواحقین اور ورثاء سے بھی تمام پارٹیوں اور حکومتوں نے صرف وعدے کیے لیکن کسی نے انصاف فراہم نہیں کیا، کے الیکٹرک کی غفلت کے باعث کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء بھی انصاف کے منتظر ہیں،ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کراچی کے زیر اہتمام سانحہ بلدیہ فیکٹری اور حالیہ بارشوں میں کے الیکٹرک کی غفلت کے باعث کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے لیے ”تقریب ِاظہار یکجہتی“بعنوان ”کراچی لاوارث کیوں“کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے صدر پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈوکیٹ، بلدیہ عظمیٰ میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر جنید مکاتی،صدرسندھ ہائی کورٹ بارمحمد عاقل ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا۔حافظ نعیم نے مزید کہاکہ کراچی میں پی ٹی آئی کے 14ایم این اے اور درجنوں ایم پی اے ہونے کے باوجود انہوں نے کراچی کو کچھ نہیں دیا،وزیر اعظم پاکستان نے کراچی کے لے 162ارب روپے کے بجٹ کا اعلان تو کیا لیکن عملاً وہ بھی اب تک ادا نہیں کیے۔حافظ نعیم نے کہاکہ کوئی بھی پارٹی کراچی کے لوگوں کے ساتھ سنجیدہ نہیں جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس نے کراچی کی رہنمائی کو اپنی ذمہ داری سمجھا۔عوام دھوکا نہ کھائیں سراب کے پیچھے نہ بھاگیں سچائی اور امانت داری کا ساتھ دیں۔

تازہ ترین