ڈینگی صورتحال تشویشناک، کنٹرول سے باہر نہیں‘ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی

October 19, 2021

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں روزانہ 60سے 65ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ صورتحال اگرچہ تشویش ناک ہے مگر یہ کنٹرول سے باہر نہیں۔ ڈینگی کے حوالے سے حساس علاقوں راول ٹائون، ہزارہ کالونی اور ڈھوک حسو سے کیس زیادہ تعداد میں رپورٹ نہیں ہو رہے بلکہ راولپنڈی میں ڈینگی کے زیادہ تر مریض ان علاقوں سے آ رہے ہیں جو اسلام آباد کے قریب واقع ہیں اور جہاں پر ڈینگی کے مریضوں کی تعداد کافی زیادہ ہے۔ فیلڈ سٹاف کو ایک بریفنگ میں بتایا گیا کہ اتوار کی رات ہونیوالی بارش کے بعد امید تھی کہ درجہ حرارت میں یکدم زیادہ کمی آئے گی مگر تاحال ایسا نہیں ہوا اور درجہ حرارت ابھی بھی 27اور 28ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ہے۔ آنیوالے دنوں میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہونے سے ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں بھی کمی واقع ہوگی۔