کمیل ننجیانی کی پاکستانی ڈیزائنر کے لباس میں تصویروں کے چرچے

October 19, 2021

آسکر کیلئے نامزد پاکستانی نژاد کامیڈین کمیل ننجیانی نے فلم ’ایٹرنلز‘ کے پریمئیر میں پاکستانی ڈیزائنر کی شیروانی زیب تن کی۔

آسکر میں نامزد اسٹار، 43 سالہ کمیل ننجیانی نے گزشتہ روز ہالی ووڈ کے ڈولبی تھیٹر کے باہر اپنی نئی مارول فلم ’ایٹرنلز‘ کے ریڈ کارپٹ پر جامنی اور گولڈن رنگ کی شیروانی کے ساتھ اپنے دیسی ورثے کو شاندار انداز میں پیش کیا۔

اداکار کے ساتھ ان کی اہلیہ ایملی وی گورڈن بھی تھیں ، جنہوں نے سیاہ اور سفید لباس کا انتخاب کیا۔

ہالی ووڈ رپورٹر کو اپنے لباس کے بارے میں بتاتے ہوئے کمیل ننجیانی نے کہا کہ وہ پاکستانی ڈیزائنر کے تیار کردہ لباس کو پہننا چاہتے ہیں کیونکہ فلم میں ان کا لباس انہیں شیروانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ’میں شیروانی پہننا چاہتا تھا کیونکہ ایک تو وہ بہت اچھی لگتی ہیں اور دوسرا فلم میں میرا لباس مجھے ہمیشہ شیروانیوں کی یاد دلاتا ہے۔‘

اداکار نے کہا کہ میں آج کے دن کیلئے پاکستان کے ایک ڈیزائنر کا تیار کردہ لباس استعمال کرنا چاہتا تھا اس ضمن میں میری والدہ نے میری مدد کی اور انہوں نے مجھے پاکستان میں تین حیرت انگیز ڈیزائنرز کے نام بتائے۔

انہوں نے کہا کہ والدہ کے بتائے ڈیزائنرز میں سے میں نے پاکستان فیشن انڈسٹری سے منسلک معروف ڈیزائنر عمر سعید کا انتخاب کیا۔

خیال رہے کہ ’ایٹرنلز‘ میں پاکستان کے کمیل ننجیانی سپر ہیرو کا کردار ادا کرنے والے پہلے پاکستانی ہوں گے۔

فلم ’ایٹرنلز‘ کو 5 نومبر کو ریلیز کیا جائے گا۔