آریان کی درخواستِ ضمانت مسترد: فلم ’رئیس‘ کے ہدایتکار بھڑک اُٹھے

October 21, 2021

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ایک بار درخواستِ ضمانت مسترد کرنے پر فلم ’رئیس‘ کے ہدایتکار راہول ڈھولکیا نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں بالی ووڈ ہدایتکار راہول ڈھولکیا نے کہا کہ ’آپ کہہ رہے ہیں کہ آریان خان کے ’بین الاقوامی منشیات گروپ‘ سے رابطے تھے جو کہ واٹس ایپ چیٹس سے معلوم ہوا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’جب آپ نے کروز پر چھاپہ مارا تو آپ کو وہاں سے آریان خان کے پاس سے کچھ برآمد ہوا؟‘

بالی ووڈ ہدایتکار نے سوالیہ انداز میں کہا کہ ’آپ اتنے دنوں سے تفتیش کررہے ہیں، واٹس ایپ چیٹس کے علاوہ کوئی دوسرا ثبوت ملا؟‘

واضح رہے کہ ممبئی کروز شِپ کیس میں گرفتار بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت کی درخواست پر ممبئی ہائی کورٹ میں 26 اکتوبر بروز منگل کو سماعت ہوگی۔

ممبئی کی عدالت کی جانب سے آریان خان کی درخواستِ ضمانت چار بار مسترد کی گئی ہے اور اسی وجہ سے اب اُن کے وکیل نے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔

یاد رہے کہ آریان خان 8 اکتوبر سے ممبئی کی آرتھر جیل میں ہیں۔

کروز شپ ڈرگ کیس کا پس منظر

بھارت کے انسدادِ منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے ممبئی کے ساحل پر 3 اکتوبر کو ایک کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپہ مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گرفتار کیا گیا تھا۔

نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی کروز شِپ منشیات کیس میں آریان خان کی اپنی آنے والی فلم کی ساتھی اداکارہ کے ساتھ منشیات کے حوالے سے کی جانے والی واٹس ایپ چیٹ بھی عدالت میں پیش کی تھیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ چیٹس سے ظاہر ہو رہا تھا کہ آریان خان اور اداکارہ کے درمیان منشیات کے بارے میں بات چیت ہوئی تھی۔