واٹس ایپ چیٹ کی بنیاد پر آریان خان کو گرفتار کرنے پر کمال راشد کی این سی بی پر تنقید

October 21, 2021

بھارتی اداکار اور فلمی ناقد کمال راشد خان المعروف کے آر کے نے واٹس ایپ چیٹ کی بنیاد پر آریان خان کو گرفتار کرنے پر این سی بی پر تنقید کی ہے۔

کے آر کے نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر آریان خان کی منشیات کیس میں گرفتاری کے معاملے پر تنقید کی ہے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’اگر آریان خان کو واٹس ایپ چیٹ کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے تو پھر دیپیکا، سارہ، شردھا اور رکول کو ان کے واٹس ایپ چیٹ کی وجہ سے گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟‘

انہوں نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں این سی بی پر تنقید کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’ہر کوئی جانتا ہے کہ بالی ووڈ کے 98 فیصد لوگ منشیات لیتے ہیں لیکن انہیں منشیات کے استعمال کے لیے گرفتار نہیں کیا جا سکتا کیونکہ قانون انہیں مجرموں کے بجائے متاثرین سمجھتا ہے ۔‘

یاد رہے کہ آریان کی ضمانت کی درخواست گزشتہ روز این ڈی پی ایس کی ایک خصوصی عدالت نے مسترد کردی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے خصوصی عدالت نے کہا کہ آریان کے دوست جو ان کے ساتھ سفر کر رہے تھے ان کے پاس سے منشیات برآمد ہوئیں اور انہیں اس بات کا علم تھا۔

آریان خان کے دوست ارباز مرچنٹ سے مبینہ طور پر چھ گرام چرس پکڑی گئی جبکہ آریان سے کوئی منشیات نہیں ملیں۔

عدالت نے ان کے رضاکارانہ بیانات کی وجہ سے بھی درخواستِ ضمانت مسترد کی، جن کے مطابق آریان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے دوستوں سے کہا تھا کہ وہ کروز پر مل کر منشیات کا استعمال کریں گے۔

این ڈی پی ایس کی خصوصی عدالت کی جانب سے درخواستِ ضمانت مسترد ہونے کے بعد اب آریان خان کے وکیل ضمانت کے لیے ممبئی کی ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔