ارفع فیملی پارک کا افتتاح، کچھ دیر میں ہی پودے نرسری بھجوا دیئےگئے

October 23, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) ارفع فیملی پارک کا افتتاح ،کچھ دیربعد ہی پودے اٹھالیے گئے، صورتحال کا علم ہونے پر مرتضیٰ وہاب کانوٹس ، ڈی ایم سی وسطی ریحان ہمدانی کوشوکاز جاری کردیا۔تفصیلات کےمطابق فیڈرل بی ایریا میں ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کی جانب سے پارک کے افتتاح کے کچھ دیر بعدہی ڈی ایم سی وسطی کے عملے نے پودے اٹھالئے،ایڈمنسٹریٹر کراچی نے جمعے کی صبح فیڈرل بی ایریا میں تزئین وآرائش کے بعد باغ ارفع پارک کا افتتاح کیاتاہم ان کے جاتے ہی محکمہ پارکس ڈی ایم سی کے عملے نےپودے واپس اٹھا کر گاڑی میں رکھ لئے،لوگوں کے پوچھنے پر عملے نے بتایا کہ سارے پودے نرسری سے لائے گئے تھے اب واپس کریں گے،دریں اثنا صورتحال کا علم ہونے پر ایڈ منسٹریٹر کے ایم سی مرتضیٰ وہاب نے سخت نوٹس لیا اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ وسطی علی زیدی سے باز پرس کی جس پر انہوں نے ڈپٹی دائریکٹر پارکس گلبرگ زون ڈی ایم سی وسطی ریحان ہمدانی کوشوکاز جاری کرتے ہوئے ان سے دودن میں جواب طلب کر لیا ، اس پارک کا افتتاح تقریباً 15سال قبل ہوا تھا اور یہ ایک سیاسی جماعت کے قائد کی بیٹی کے نام پر تھا جس کی تزئین وآرائش کے بعد اب نام تبدیل کر کے ارفع پارک رکھا گیا ہے۔