اپوزیشن کا احتجاج پیالی میں طوفان ہے، اسد عمر

October 23, 2021


وفاقی وزیر اسد عمر نے مہنگائی کے خلاف اپوزیشن کے احتجاج کو پیالی میں طوفان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے خاتمے کی باتیں چھٹی بار کی جارہی ہیں، ﷲ نے جو لکھا ہے وہی ہوگا، مہنگائی صرف پاکستان میں نہیں دنیا بھر میں آئی ہے۔

اسد عمر نے امریکا میں پاکستانی سفارتخانے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا نے پاکستان کو کورونا ویکسین فراہم کی، سی پیک کے دائرہ کار میں وسعت آتی جارہی ہے، کچھ ممالک نہیں چاہتے کہ سی پیک وسعت پکڑے۔

اسد عمر کا کہنا ہے کہ آخری سال 800 ارب روپے کا بجٹ کیا گیا تھا، پچھلے سال ترقیاتی بجٹ 600 ارب روپے تھا جبکہ اخراجات زیادہ ہوئے، پچھلے سال ترقیاتی اخراجات سو فیصد ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری کیرفتار تیز کرنے کے لیے کام کررہے ہیں، پچھلے دو سے تین ماہ میں 200 ارب کے پروجیکٹس کی منظوری دی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وسط ایشیا کے ساتھ تجارتی تعلقات اہمیت رکھتے ہیں، وسط ایشیا کا راستہ افغانستان سے گزرتا ہے، دنیا کو 90 کی دہائی کی غلطی نہیں دہرانی چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکا اپنے عوام کو بھی بتاسکے گا کہ 20 سال کی سرمایہ کاری ضائع نہیں ہوئی، افغانستان میں کوئی ایک فریق بزور شمشیر نظام چلانے کی کوشش نہ کرے، طالبان کا رویہ مثبت ہے، وہ تعمیری انداز میں دنیا کے ساتھ تعلقات چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مہنگائی کے خلاف اپوزیشن جماعتوں نے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی تھیں۔