کوئٹہ: محکمہ صحت کاگھر میں قائم غیر قانونی سٹور پر چھاپہ ،سمگل شدہ ادویات برآمد

October 24, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ میں محکمہ صحت نے گھر میں بنائےگئے غیر قانونی سٹور پر چھاپہ مار کر غیر قانونی، سمگل شدہ کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والے ادویات برآمدکرلیں ، سینئر ڈرگ انسپکٹر سرورخان کاکڑ کے مطابق محکمہ صحت نے خفیہ اطلاع کی بناء پر پولیس کے ہمراہ ائرپورٹ روڈ کوئٹہ پر واقع ایک گھر میں قائم کردہ غیر قانونی سٹور پر چھاپہ مار کر غیر قانونی، سمنگل شدہ کینسر کی علاج میں استعمال ہونے والے ادویات برآمدکرکے سرکاری قبضے میں لے لیں۔ برآمد کی جانے والی ادویات میں ( Injection MabThera 1400mg)،(. Injection Adrim 50mg)،( Injection Cyclomide 1000mg)،( Injection Pharmacristine 1mg )شامل ہیں ، محکمہ صحت حکام کے مطابق یہ ادویات کینسر کے مرض میں استعمال ہونے والی بہت مہنگی ادویات کی نقل تھیں جو ملزم ہوم ڈلیوری سروس کے ذریعے مریضوں پر فروخت کرتا تھا ۔ملزم کے خلاف ڈرگ ایکٹ 1976 کے تحت مقدمہ درج کر کے ادویات کے نمونے مزید تجزیہ کیلئے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری بھیج دئیے گئے۔ سینئر ڈرگ انسپکٹر سرورخان کاکڑ نے کہا کہ غیر معیاری، غیر قانونی اور جعلی ادویات کے کاروبار کرنے والوں کو معاف نہیں کیاجائیگا۔