لاہور ایئر پورٹ: 18 پروازیں منسوخ، 11 تاخیر کا شکار

October 24, 2021

لاہور ایئر پورٹ پر طیاروں کی عدم دستیابی اور فنی خرابی کے باعث 18 پروازیں منسوخ ہو گئیں جبکہ 11 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئی ہیں جس کے باعث مسافر پریشان ہو گئے۔

لاہور ایئر پورٹ کے ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی شارجہ سے آنے والی پرواز پی کے 186 اور غیر ملکی ایئر لائن کی دوحہ سے آنے والی پرواز منسوخ کر دی گئیں۔

ایئر پورٹ ذرائع نے بتایا ہے کہ نجف سے آنے والی پرواز، نجی ایئر لائن کی کراچی سے آنے والی پرواز، نجی ایئر لائن کی دبئی سے آنے والی پرواز بھی منسوخ کر دی گئی۔

ایئر پورٹ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پی آئی اے کی دبئی سے آنے والی پرواز پی کے 204، کراچی سے آنے والی پرواز پی کے 304 بھی منسوخ کر دی گئی۔

ایئر پورٹ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ پی آئی اے کی دبئی جانے والی پرواز پی کے 203 اور کراچی جانے والی پرواز پی کے 313 بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔