بچے کے پوپ فرانسس کی ٹوپی چرانے کے مناظر

October 25, 2021

مذہبی تقریب کے دوران 10 سالہ بچے کی پوپ فرانسس کی ٹوپی چرانے کے مناظر کیمرے میں قید کر لیے گئے، یہ ویڈیو اس وقت انٹرنیٹ پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس وقت ایک دلچسپ ویڈیو وائرل ہے جو کہ عیسائی پیشوا پوپ فرانسس کی زیر صدارت مذہبی تقریب سے لی گئی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تقریب کے دوران پوپ فرانسس اسٹیج پر بیٹھے ہیں اور اس دوران ایک 10 سالہ بچہ اسٹیج پر آ جاتا ہے، کمسن بچے کو دیکھ کر سیکیورٹی حرکت میںنہیں آتی بلکہ اُسے پوپ فرانسس سے ملنے کا پورا موقع دیا جاتا ہے۔

اس دلچسپ وائرل ویڈیو میںدیکھا جا سکتا ہے کہ بچہ بار بار پوپ فرانسس کی ٹوپی چرانے کی کوشش کر رہا ہے، بچہ کبھی پوپ فرانسس کے سامنے اور کبھی کرسی کے پیچھے سے جا کر ٹوپی چرانے کی کوشش کرتا ہے۔

بعد ازاں بچے کو پوپ فرانسس کی ٹوپی جیسی ہو بہو ٹوپی دے دی جاتی ہے جسے پا کر بچہ خود ہی اسٹیج سے نیچے چلا جاتا ہے۔