وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل گورننس، ڈیجیٹل معیشت اور ڈیجیٹل معاشرہ قومی ڈیجیٹل ماسٹر پلان کے بنیادی ستون ہیں۔
وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کی زیر صدارت پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے امور پر اجلاس ہوا۔
اس دوران احد چیمہ کا کہنا تھا کہ قومی ڈیجیٹل ماسٹر پلان وفاقی حکومت کی اہم ترجیح ہے۔ پلان وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ کے آئندہ مشاورتی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرنے کی کوشش ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل گورننس، ڈیجیٹل معیشت اور ڈیجیٹل معاشرہ قومی ڈیجیٹل ماسٹر پلان کے بنیادی ستون ہیں۔ ڈیجیٹلائزیشن اور مصنوعی ذہانت سے ہر شعبے میں ترقی اور عوامی خدمات کی بہتری ممکن ہے۔
احد چیمہ کا کہنا تھا کہ پی ڈی اے کے شعبہ وار منصوبوں میں قابلِ عمل اہداف اور مدتِ تکمیل واضح ہونی چاہیے۔ صحت، تعلیم اور تجارت سمیت مختلف شعبوں کے ڈیجیٹلائزیشن منصوبوں کا آئندہ اجلاس میں جائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ طلبا کو جدید ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت سے متعلق مہارتیں سکھانے کےلیے مربوط لائحہ عمل بنایا جائے۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں سرکاری و نجی اسپتالوں میں مریضوں کے یکساں ڈیجیٹل ریکارڈ اور رجسٹری کے قیام پر غور کیا گیا۔ شناختی کارڈ پر مبنی کمپیوٹرائزڈ نظام سے مریضوں کے ریکارڈ اور علاج کے تسلسل میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزارتوں اور ڈویژنز میں ڈیجیٹلائزیشن کیلئے موجودہ آئی ٹی عملے کو تربیت دی جائے۔ وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے اجرا میں پی ڈی اے کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔