میری نیک تمنائیں عمران خان کے ساتھ ہیں، اعجاز الحق

October 27, 2021

راچڈیل(نمائندہ جنگ) آرائیاں فائونڈیشن یوکے، کے زیر اہتمام سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں افضل خان ایم پی، سر ٹونی لائیڈ ایم پی، میئر راچڈیل عاصم رشید ، کونسلر افتخار ، کونسلر شکیل احمد ، سابق میئر محمد زمان، کونسلر عدالت علی ، کونسلر آفتاب حسین ، کونسلر علی احمد ، کونسلر رانا فیصل ، کونسلر ارم فیصل ، سماجی شخصیت چوہدری خالد کے علاوہ پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے شرکت کی۔تقریب کے مہمان خصوصی سابق وزیر اعجاز احمد نے کہا کہ پی ٹی آئی سے پاکستانی عوام کو بڑی امیدیں تھیں مگر عمران خان کے سارے کھلاڑی پرانے ہیں ،تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں سے عوام مایوس ہو چکے ہیں، غریب آدمی کو ہوشربا مہنگائی نے پیس کر رکھ دیا ہے، 33 سال سے سیاست کر رہا ہوں ، میری نیک تمنائیں عمران خان کے ساتھ ہیں کہ اللہ ان کو کامیاب کرے ،ٹیم وہ ہی کامیابی حاصل کرتی ہے جس کے کھلاڑی اچھے ہو ، عمران خان کا احتساب کا نعرہ بھی زوال کا شکار ہو چکا ہے، افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے ، دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان نے جس قدر ناقابل تلافی جان و مالی نقصان کا سامنا کیااس کی مثال نہیں ملتی ،عالمی دنیا کو پاکستان کے کردار کو سراہنا چاہیے نہ کہ ڈومور ڈومور کہہ کر پاکستان پردبائو ڈالا جائے، انہوں نے کہا کہ ہماری سرزمین کسی بھی ملک میں جنگی عزائم کے لیے استعمال نہیں ہوئی اور نہ ہو گی افغانستان میں خوراک کے بحران پر قابو پانے کے لیے عالمی دنیا کو پاکستان کی مدد کرنی چاہیے ، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر سائوتھ ایشیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سر ٹونی لائیڈ ایم پی کا کہنا تھا کہ برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، برطانیہ اس کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، افغانستان سے فوجیوں کے انخلاء میں پاکستان کے مثبت کردار پر انتہائی مشکور ہیں،افغانستان میں قیام امن کے لیے ضروری ہے کہ عالمی دنیا مل کر پاکستان کے ساتھ کام کرے افضل خان ایم پی کا کہنا تھا کہ پاکستانی پارلیمنٹرینز کا برطانیہ کے دورے کا ہمیشہ خیر مقدم کیاگیا ہے اور ہم چاہتے ہیں برطانیہ میں رہنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے وہ ہمیشہ آگاہ رہیں اوراس کے موثر حل کیلئے ہر ممکنہ اقدام کریں ۔