پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) گریٹر ہیوسٹن کوآرڈینیشن اینڈ ایکشن کمیٹی کے زیرِ اہتمام سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر اجلاس منعقد کیا گیا۔
اجلاس میں ہیوسٹن سمیت امریکا بھر سے پارٹی عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر بانی پی پی پی ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ جس میں پی پی پی امریکا کے نائب صدر امیر مکھانی نے خصوصی طور شرکت کی۔
سالگرہ تقریب سے پاکستان پیپلز پارٹی امریکا کے مرکزی نائب صدر امیر مکھانی ، ٹیکساس کے صدر ممتاز علی چانگ، پارٹی رہنما ریاض حسین کاکا خیل، چیف آرگنائزر امیر ارسلان ملک، آرگنائزرز توفیق ڈانڈیا، کوآرڈینیٹر فہد جونیجو، محترمہ سحر خورشید، حسن مومن، ڈاکٹر عیسیٰ بھرگڑی، تخلیق لاشاری، کاشف خان اور سلیم چوہدری سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے ذوالفقار علی بھٹو کی قربانیوں اور پاکستان کے لیے ان کی خدمات کا ذکر کیا اور ان کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا، ’پاکستان اور عوام کے لیے قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی تاریخی، سیاسی اور جمہوری خدمات ناقابل فراموش ہیں۔‘
اس موقع پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا گیا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان کو اہم سیاسی، سفارتی اور معاشی کامیابیاں دلائی ہیں۔
مقررین کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان کے تعلقات ماضی کے مقابلے میں بہتر ہوئے ہیں، جس کا کریڈٹ بلاول بھٹو زرداری کی مؤثر اور دوراندیش خارجہ پالیسیوں کو جاتا ہے۔
اجلاس میں پیپلز پارٹی گریٹر ہیوسٹن کوآرڈینیشن اینڈ ایکشن کمیٹی کے قیام پر اراکین کو مبارکباد دی گئی اور کمیٹی کے چیف آرگنائزر امیر ارسلان ملک کی کارکردگی کو سراہا۔
شرکاء نے گریٹر ہیوسٹن میں پارٹی تنظیم کو مزید فعال اور مضبوط بنانے پر زور دیا اور امیر ارسلان ملک کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ سالگرہ تقریب کے آخر میں تمام شہدائے جمہوریت کے لیے دعا کی گئی۔