پنجاب میں 24 لاکھ ایکڑ رقبے پر چنے کی کاشت کی جاتی ہے

October 27, 2021

راولپنڈی (اے پی پی)زرعی ماہرین نے بارانی علاقوں میں چنے کی کاشت جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ماہرین نے کہاہے کہ صوبہ پنجاب میں 24لاکھ ایکڑ رقبے پر چنے کی کاشت کی جاتی ہے جوکہ پاکستان میں چنے کے مجموعی زیر کاشت رقبے کا 80فی صد ہے ۔محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہاکہ چنا ایک پھلی دار فصل ہے اور غذائیت کے اعتبار سے یہ گوشت کا نعم البدل سمجھا جاتا ہے ۔چنے کی فصل92 فیصد بارانی علاقہ جات بشمول تھل کے اضلاع میں کاشت کیا جاتا ہے ۔ ترجمان نے بتایاکہ امسال حکومت پنجاب کاشتکاروں کو چنے کی کاشت پر 5 ایکڑ تک بذریعہ واوچر2 ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ چنے کی کاشت بارانی علاقوں میں جلد ازجلد مکمل کر لیں جبکہ آبپاش علاقوں میں چنے کی کاشت15 نومبر تک جاری رکھیں۔