دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی‘ سینیٹر ثمینہ

October 27, 2021

کوئٹہ ( پ ر) کنوینر ذیلی کمیٹی برائے قائمہ کمیٹی وزارت داخلہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ خطے میں فروغ امن کیلئے پرعزم ہے، پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ میں 80 ہزار سے زائد جانوں کی قربانیاں دے کر ملک میں امن قائم کیاجسے ہر صورت قائم رکھا جائے گا ، ہماری منزل اخوت ، محبت ،امن ، سلامتی ، استحکام اور اعتدال ہے لہٰذا ہمیں نفرتوں کا خاتمہ کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت دشمنوں نے پاکستان میں دہشت گردی اور انتہا پسندی پھیلائی اوراپنے ناپاک عزام کے حصول کے لئے چند مفاد پرست اور ناعاقبت اندیش عناصر کی پشت پناہی کر کے پاکستان بالخصوص بلوچستان میں دہشت گردانہ کارروائیاں کیں۔ضرب عضب اوررد الفساد جیسے کامیاب آپریشنز قومی اتحاد اور یکجہتی کے مظہر تھے جس کے ذریعے ملک میں امن و استحکام آیادہشتگردی کے خلا ف جنگ میں 80 ہزار پاکستانی شہید ہوئے جن میں پاک افواج و دیگر سیکورٹی اداروں کے جوانوں کے علاوہ بچے ، بوڑھے، خواتین غرض ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیںجن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک سے انتہا پسندی کا مکمل خاتمہ کرنا ہے اور اس کے لئے جدوجہد جاری رہے گی، ہماری منزل پرامن اور خوشحال پاکستان ہے جس کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ،تمام دنیا دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں کی معترف ہے اور پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے ۔ ایسے حالات میں بھارت و دیگر دشمن طاقتیں پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں دشمنوں کی ان سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں قومی وحدت و یکجہتی کی ضرورت ہے ۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لئے پاک افواج اور دیگر سیکورٹی اداروں نے جو کردار ادا کیا ہے وہ ناقابل فراموش ہے۔ہمیں مل کر دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملانا ہے۔