’بنٹی اور ببلی ٹو‘، سیف علی خان بنٹی کے کردار میں نظر آئینگے

October 28, 2021

ممبئی (این این آئی)ماضی کی مقبول بولی وڈ کامیڈی فلم ʼبنٹی اور ببلیʼ کی سیکوئل فلم کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے آئندہ ماہ ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ʼبنٹی اور ببلیʼ کی پہلی فلم 2005 میں ریلیز کی گئی تھی، جس میں رانی مکھرجی اور ابھیشک بچن نے لوگوں کو لوٹنے اور بے وقوف بنانے والوں کا کردار ادا کیا تھا۔پہلی فلم کی شاندار کامیابی کے بعد یش راج فلمز نے اس کا سیکوئل بنانے کا اعلان تو کیا تھا مگر دوسری فلم بننے میں 16 سال کا عرصہ لگا۔ʼبنٹی اور ببلی ٹوʼ کے ٹریلر میں پرانے کرداروں سمیت جونیئر بنٹی اور جونیئر ببلی کو بھی دکھایا گیا ہے ۔نئی فلم میں پنکج تریپاتھی پولیس افسر کے روپ میں معاملات سلجھاتے دکھائی دیں گے۔اس مرتبہ ابھیشک بچن کی جگہ چھوٹے خان سیف علی خان کو کاسٹ کیا گیا ہے، جنہیں فلم میں توند کے ساتھ درمیانی عمر کے شخص کے طور پر دکھایا گیا ہے۔جبکہ رانی مکھرجی نے بھی ادھیڑ عمر خاتون کا کردار ادا کیا ہے۔ٹریلر دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ لوگوں کو بنٹی اور ببلی بن کر پریشان کرنیوالے سدھانت چترویدی اور شروری واگھ ہیں لیکن پولیس کا شک سیف علی خان اور رانی مکھرجی پر جاتا ہے۔ʼبنٹی اور ببلی ٹوʼ کی کہانی ورن وی شرما نے لکھی ہے اور انہوں نے ہی اس کی ہدایات دی ہیں جب کہ فلم کو رانی مکھرجی کے شوہر ادیتیا چوپڑا نے یش راج فلم کے بینر تلے پروڈیوس کیا ہے۔فلم کو آئندہ ماہ 19 نومبر کو سینمائوں میں ریلیز کیا جائے گا اور اس کا مقابلہ دیگر بڑے بجٹ کی فلموں سے ہوگا۔