400 میگا واٹ ہائبرڈ انرجی کا منصوبہ، بجلی مقامی صنعتوں کو فراہم ہوگی

October 28, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) 400میگا واٹ ہائبرڈ انرجی کا منصوبہ، قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں سندھ حکومت کی تاریخی پیش رفت ہے ،یہ پاکستان کا پہلا بزنس ٹو بزنس ہائبرڈ پاور پراجیکٹ ہے، وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، متبادل اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کی ہر کوشش کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں تاکہ ملک میں توانائی کا مسئلہ حل ہو اور پاکستان بھی گرین انرجی کے حوالے سے اقوام عالم میں نمایاں کارکردگی کا ملک قرار پائے، اینگرو انرجی کے ساتھ 400 میگا واٹ ہائبرڈ انرجی کے منصوبے پر معاہدہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سندھ حکومت توانائی کے مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں اینگرو انرجی، سندھ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی اور محکمۂ توانائی کے متبادل انرجی کے شعبے کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ہوا اور سورج کی توانائی سے بجلی مقامی صنعتوں کو فراہم کی جائے گی اور اس کیلئے ٹرانسمیشن لائن بچھائے گی ، بجلی سستی ترین ہوگی اور اس کی فی یونٹ قیمت 8 روپے تک ہوسکتی ہے۔