بالی ووڈ اسٹار ریتک روشن نے کزن ایشان روشن کی شادی کے خوبصورت لمحات سوشل میڈیا پر شیئر کردیے۔
ریتک روشن کے کزن ایشان روشن کی 23 دسمبر کو اداکارہ و ماڈل ایشوریہ سنگھ کے ساتھ شادی ہوئی، جس کی تقریبات نہایت شاندار انداز میں منعقد ہوئیں۔
اداکار ریتک روشن نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شادی کے یادگار لمحات کی تصاویر شیئر کی ہیں، اداکار کی جانب سے شیئر کیے گئے البم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ان کی فیملی کے ہمراہ سابق اہلیہ سوزین خان بھی نظر آئیں۔
ان تصاویر میں سوزین خان، ان کے بیٹے ہری ہان اور ہردھان بھی موجود تھے، جس نے سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایشان روشن بھی شوبزنس سے وابستہ ہیں، جنہوں نے اپنے چچا کے ساتھ کرِش 3 اور قابل میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر کام کیا ہے، ان کی انسٹاگرام پوسٹس میں ان کے حالیہ اشتہاری منصوبے اور پروڈکشن کے کام بھی نظر آتے ہیں۔
خیال رہے کہ ریتک روشن اور سوزین خان نے 2014 میں طلاق کا اعلان کیا تھا، تاہم دونوں اب بھی اپنے بیٹوں کی مشترکہ پرورش کر رہے ہیں۔ ریتک اس وقت صبا آزاد کے ساتھ تعلقات میں ہیں، جبکہ سوزین خان ارسلان گونی کے ساتھ تعلقات میں ہیں۔