برطانیہ کا بجٹ، پبلک سروس کیلئے 150 بلین پاؤنڈز اضافے کا اعلان

October 28, 2021

لندن (ودود مشتاق/جنگ نیوز ) برطانیہ کی حکومت نے موسم خزاں 2021 کا بجٹ پارلیمنٹ میں پیش کردیا۔ چانسلر رِشی سوناک نے پارلیمنٹ میں کی گئی اپنی بجٹ تقریر میں پبلک سروس کے شعبوں کے لئے 150 بلین پونڈز کے اضافے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب کم آمدن گھرانوں کو سالانہ 1 ہزار پونڈز بھی دیے جائیں گے،انہوں نے اس بجٹ کو کوویڈ کے بعد ایک نئی امید اور نیا معاشی ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں کم از کم اجرت 8اعشاریہ 91پونڈزفی گھنٹہ سے بڑھا کر 9اعشاریہ 50پونڈزفی گھنٹہ کیا جا رہا ہے۔ علاج معالجے کی بہتر سہولتوں کے لئے 5اعشاریہ 9بلین کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ جس میں چالیس نئے ہسپتال تعمیر اور ستر ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جائیگا جبکہ صحتِ عامہ کی حفاظت کے لئے مختص رقم 44 بلین سے بڑھا کر 177 بلین پائونڈز کردی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ این ایچ ایس کو آپریشنز اور دیگر علاج معالجے کے لئے 5اعشاریہ 9بلین پونڈز دیئے جا رہے ہیں۔ رِشی سوناک نے بتایا کہ اس سال معیشت کا گروتھ ریٹ 6.5 فیصد رہا اور اگلے سال معیشت کو کوویڈ سے قبل والی پوزیشن تک لایا جائیگا اور بےروزگاری کی شرح 12% سے کم ہو کر اگلے سال 5% تک رہ جائیگی۔ قرضوں کی شرح 9 فیصدسے کم ہو کر اگلے سال 3.3 فیصدرہ جائیگی۔ تاہم افراطِ زر کی شرح 3.1% فیصد سے بڑھ کر 4% ہوجانے کی توقع ہے لیکن معیشت کی گروتھ 4 فیصد سے بڑھ کر 6اعشاریہ 5 فیصدہوجائیگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت اپنے وعدے کے مطابق سال 2024/25 تک جی ڈی پی کا 0اعشاریہ 7غیر ملکی امداد پر خرچ کرے گی، ملک میں بڑھتے جرائم کی سرکوبی کے لئے 20 ہزار نئے پولیس افسران بھرتی کئے جائیں گے۔ نئی جیل عمارتوں کی تعمیر پر 3اعشاریہ 8ملین اور عدالتوں کی سہولتوں کے لئے 2.2 بلین کی رقم مختص کی گئی ہے۔ چانسلر رشی سوناک نے مزید بتایا کہ لوگوں کو کام پر نکالنے کے لئے یونیورسل کریڈٹ میں آٹھ فیصد کٹوتی اور کام کرنے والوں کے لئے مختص رقم میں اضافہ کر کے 500 پائونڈز کیا جا رہا ہے، خاندانوں کی سہولت کے لئے دو سو ملین پائونڈز رکھے جا رہے ہیں اور نوجوانوں کی سروسز کے لئے 560 ملین پائونڈز رکھے گئے ہیں، اسکے علاوہ نوجوانوں کے لئے تین سو یوتھ کلب اور آٹھ ہزار کمیونٹی پچز بنائی جائیگی۔ چانسلر رِشی سوناک نے اپنی بجٹ تقریر میں مزید بتایا کہ سکولوں کی فنڈنگ کو بڑھا کر 2010کی سطح تک لایا جائیگا۔ اگلے سال سکولز کو 4.7 بلین کی اضافی رقم دی جائیگی، سکولوں کالجوں کی امداد کے لئے دو بلین پائونڈز خرچ کئے جائیں گے اور تعلیمی ریکوری پر مزید دو بلین پائونڈز خرچ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے سکاٹش حکومت کی امداد بڑھا کر 4.6 بلین، ویلش حکومت کے لئے 2.5 بلین اور شمالی آئرلینڈ کے لئے 1.6 بلین کی رقم مختص کردی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رہائشی ضروریات پورا کرنے کے لئے ملک بھر میں ایک لاکھ اسی ہزار نئے گھر تعمیر کئے جائینگے، جن کے لئے 11اعشاریہ 5پائونڈز کی رقم مختص کی گئی ہے جبکہ غیر محفوظ کلیڈنگ ہٹانے کے لئے 5 بلین پائونڈز رکھے جا رہے ہیں۔