نیب آرڈیننس، جج بھی پریشان ہیں کہ کیا کیا جائے، شاہد خاقان

October 28, 2021


مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نیب کا نیا قانون بھی آگیا ہے، کسی کو یہ قانون ابھی تک سمجھ نہیں آیا، اب تو جج بھی پریشان ہیں کہ کیا کیا جائے، یہ نیب آرڈیننس بد نیتی پر مبنی ہے۔

کراچی کی احتساب عدالت میں پی ایس او میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق نیب ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نون لیگ کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ نام نہاد احتساب کا عمل ہے۔

شاہد خاقان نے بتایا کہ اس ہفتے میری تین پیشیاں ہیں، نیب کا نیا قانون نیب چیئرمین کی نوکری میں توسیع کے لئے لایا گیا ہے، تمام چیزوں کو خفیہ رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

نون لیگی رہنما نے کہا کہ چار ہفتوں میں روپیہ مزید کمزور ہوگیا ہے،جب الیکشن چوری ہوگا تو پھر معاملات مشکلات کا شکار ہی ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں پی ڈی ایم مہنگائی کے خلاف مظاہرے کر رہی ہے، آج آزادی صحافت کہاں پہنچ گئی، صحافی دباؤ میں ہیں،جب نظام سے نکل کر کام کریں گے تو کسی کی بہتری نہیں ہوتی۔

شاہد خاقان کا مزید کہنا تھا کہ شفاف الیکشن پاکستان کے مسائل کا واحد حل ہے۔