• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

1 دن یہ حقائق سامنے آئینگے کہ نیب کیوں خاموش تھا؟ شاہد خاقان عباسی

مسلم لیگ نون کے رہنما و سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ایک دن یہ حقائق سامنے آئیں گے کہ نیب کیوں خاموش تھا؟

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما و سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب حکومت کی ہر چوری پر خاموش ہے، وزراء کی لسٹ ہے جو چوری کر کے بھاگ گئے مگر کوئی پوچھنے والا نہیں، یہ اس ملک کا احتساب کا نظام ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہےکہ پی ایم ڈی اے کا قانون بنانے کی کوشش کو عوام رد کر چکے ہیں، جس ملک میں حقائق کو دبایا جائے وہ ملک تباہ ہو جاتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ صدر کا کام ہوتا ہے کہ حقیقت عوام کے سامنے رکھیں، حکومت کو حالات بہتر کرنے کا راستہ بتائیں، ہمارے صدر صرف وزیرِ اعظم کی تعریفیں کرنے میں لگے ہیں۔

سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ صدر کو مہنگائی، بے روزگاری اور غربت نظر نہیں آتی، سوا 2 کروڑ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے جاتے نظر نہیں آئے۔

انہوں نے کہا کہ نیب وہ ادارہ ہے جو خود قابلِ احتساب ہے، آپ دیکھ لیں کہ ملک کے وزیر خزانہ کیا کہہ رہے ہیں؟

نون لیگی رہنما نے مزید کہا کہ جو ٹرمینل لگانے پر ہمارے خلاف کیس چلا اس سے 33 فیصد زیادہ فائدہ اٹھایا جا سکتا تھا، اس کیس کی وجہ سے وہ فائدہ پاکستان کو نہیں مل سکا۔

شاہد خاقان عباسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ چیئرمین نیب سے متعلق اپوزیشن لیڈر سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی، آج ملک میں تازہ ترین اسکینڈل گندم کا ہے۔

تازہ ترین