امیتابھ بچن بھارتی ٹیم کی غلطیاں چُھپانے لگے

November 07, 2021

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی شروعات میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے باوجود بھی بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن بھارتی کرکٹ ٹیم کی غلطیوں پر پردہ ڈالنے لگے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آج ایک اہم گروپ میچ کھیلا جائے گا جس میں بھارت کھیل تو نہیں رہا لیکن اس کی قسمت افغانستان کے ہاتھ میں ہے، اگر آج افغانستان نیوزی لینڈ سے جیت گیا تو بھارت سیمی فائنل میں جاسکے گا لہٰذا آج پورا بھارت افغان ٹیم کی فتح کے لیے دُعاگو ہے۔

اس حوالے سے امیتابھ بچن بھی خاموش نہ رہے اور مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی شائقین کے لیے خصوصی پیغام جاری کردیا۔

امیتابھ بچن نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ’ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے نتائج سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کی حالیہ پرفارمنس پر نظر ڈالیں۔‘

بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ ’بھارتی کرکٹ ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اب تک کا سب سے زیادہ اسکور کیا ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’کے ایل راہول نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں تیز ترین 50 رنز بنائے۔‘

امیتابھ بچن نے کہا کہ ’ہم نے مخالف ٹیم کو ریکارڈ 6 سے زائد اوورز میں شکست دی۔‘

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت سیمی فائنل میں پہنچے گا یا نہیں اس کا فیصلہ افغانستان کے ہاتھوں میں آگیا ہے۔

گروپ 2 کے میچ میں آج اگر افغانستان کی ٹیم نیوزی لینڈ سے جیت جاتی ہے اور بھارت کا رن ریٹ بہتر ہوا تو بھارت سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔

اگر میچ میں نیوزی لینڈ جیت گیا تو بھارت کے سیمی فائنل میں جانے کے خواب چکنا چور ہو جائیں گے۔