بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسپنر رویندرا جڈیجا نے کہا ہے کہ اگر آج افغانستان نیوزی لینڈ سے ہار گیا تو بھارتی ٹیم اپنے سامان پیک کرکے گھر جائے گی۔
بھارت نے جمعے کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں اسکاٹ لینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے کی اپنی امیدوں کو زندہ رکھا لیکن بھارت کا اب بھی افغانستان اور نیوزی لینڈ کے ہونے والے آج کے میچ پر انحصار ہے کیونکہ اگر آج افغانستان ہار جاتا ہے تو بھارت سیمی فائنل میں نہیں جاسکے گا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے خلاف بھارت کی جیت کے بعد پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے اسپنر رویندرا جڈیجا سے سوال کیا کہ ’اگر افغانستان ہار گیا تو بھارتی ٹیم کیا کرے گی؟‘
صحافی کے اس سوال کا دلچسپ جواب دیتے ہوئے رویندرا جڈیجا نے کہا کہ ’پھر کیا کرنا ہے، پھر تو ہم نے اپنے بیگس پیک کرکے واپس گھر جانا ہے۔‘
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت سیمی فائنل میں پہنچے گا یا نہیں اس کا فیصلہ افغانستان کے ہاتھوں میں آگیا ہے۔
گروپ 2 کے میچ میں آج اگر افغانستان کی ٹیم نیوزی لینڈ سے جیت جاتی ہے اور بھارت کا رن ریٹ بہتر ہوا تو بھارت سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔
اگر میچ میں نیوزی لینڈ جیت گیا تو بھارت کے سیمی فائنل میں جانے کے خواب چکنا چور ہو جائیں گے۔