بیوی کے اصرار پر مذہبی رسم کیلئے طیارے میں سوار نہیں ہوا، جان بچ گئی، جیتندرا

November 07, 2021

بالی ووڈ کے سینئر اداکار جیتندرا نے کپل شرما شو میں انکشاف کیا کہ کس طرح ایک ہندو تہوار کی وجہ سے وہ ایک کریش ہونے والے طیارے میں سوار نہ ہوئے اور ان کی جان بچ گئی۔

اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ انہیں ڈی راما نائیڈ کی پروڈیوس کردہ فلم کی شوٹنگ میں شرکت کے لیے چنئی (مدراس) جانا تھا، لیکن فلائٹ میں تاخیر ہوگئی جس کا ٹائم شام سات بجے تھا لیکن اب اس کا ٹائم دو گھنٹے لیٹ تھا، حالانکہ وہ اپنی اہلیہ کو راضی کر رہے تھے کہ انہیں ہر صورت جانا ہے لیکن اہلیہ کا اصرار تھا کہ رکنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فلائٹ لیٹ ہونے پر میں نے شوبھا کپور کو گھر پر فون کیا اور کہا کہ فلائٹ دو گھنٹے لیٹ ہے، چاند نکل رہا ہے کہ نہیں دیکھ لو، ختم کرلیتے ہیں قصہ، میں گھر آجاتا ہوں تاکہ تم اس تہوار کی رسومات پوری کرلوگی۔

جیتندرا کے مطابق جب وہ گھر پہنچے تو اس کے بعد بیوی نے انہیں گھر سے نہیں نکلنے دیا کیونکہ چاند پوری طرح نظر نہیں آرہا تھا، وہ ان دنوں باندرا کے پالی ہل کے علاقے میں رہتے تھے جہاں سے ممبئی کا ایئرپورٹ نظر آتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ جس کے بعد میں نے اپنی بالکونی سے دیکھا کہ ایک آگ کا گولہ آسمان پر نظر آرہا تھا، جو کہ ایئر پورٹ کی جانب جارہا تھا اور پھر کریشنگ کا زور دار دھماکا ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ اس حادثے کے بعد بعد ان کے گھر فون کالز کا تانتا بندھ گیا، ان کے مطابق یہ واقعہ 1976 میں انڈین ایئر لائن کے فلائٹ 171 کے کریش کی شکل میں ہوا تھا اور اس میں ان کی جان تو بچ گئی لیکن ایک ساتھی اداکار اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔