کرکٹ کے میدان میں فتح پیسے سے نہیں ملتی: اسد عُمر

November 09, 2021

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہکرکٹ کے میدان میں فتح پیسے سے نہیں بلکہ ٹیلنٹ سے ملتی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں اسد عُمر نے کہا کہ ’گزشتہ 6 ٹی 20 ورلڈ کپ میں سری لنکا 3 بار فائنل میں پہنچا اور ایک بار جیتا۔‘

اسد عُمر نے کہا کہ ’اس عرصے میں بھارت ایک بار بھی فائنل میں نہیں پہنچا اور نہ ہی کوئی چیمپئن شپ جیت سکا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اس سے واضح ہوتا ہے کہ کرکٹ کے میدان پر جیت کا تعین اب بھی ٹیلنٹ اور جذبے سے ہوتا ہے نہ کہ پیسے یا میڈیا کی تشہیر سے۔‘

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ’یہ نوجوانوں کے لیے زندگی کا سبق ہے۔‘

واضح رہے کہ پہلے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست سے دوچار ہوئی بھارتی ٹیم نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021ء میں اپنے آخری گروپ میچ میں نمیبیا کو 9 وکٹوں سے ہرا کر ایونٹ کا اختتام جیت پر کر دیا۔

بھارتی ٹیم پہلے ہی ایونٹ سے آؤٹ ہوچکی تھی اور گزشتہ روز اپنا آخری گروپ میچ کھیلنے کے بعد وطن روانہ ہوجائے گی۔

دوسری جانبٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں گروپ 2 کی ٹاپ ٹیم پاکستان کا مقابلہ گروپ 1 کی دوسرے نمبر کی ٹیم آسٹریلیا سے ہوگا۔