قومی سلامتی اجلاس، پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کا موقف اپنایا، احسن اقبال

November 10, 2021


کراچی (ٹی وی رپورٹ )جیو کے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ قومی سلامتی اجلاس میں اپوزیشن لیڈر اور ن لیگ نے پالیسی پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کا موقف اپنایا ،چیئرمین علامہ اقبال کونسل ذوالفقار چیمہ نے کہا کہ پاکستان کی تباہی کا خواب دیکھنے والوں نے بھرپور کوشش کی کہ نئی نسل کی اقبال تک رسائی نہ ہو،سینئر تجزیہ کار منیب فاروق نے کہا کہ ڈسکہ ضمنی انتخاب نے ظاہر کیا کہ پی ٹی آئی نے بھی وہی روایتی ہتھکنڈا اپنا یاجو کوئی بھی سیاسی جماعت کرتی ہے ۔چیئرمین علامہ اقبال کونسل ذوالفقار چیمہ نے کہا کہ مفکر پاکستان ہونا ڈاکٹر محمد علامہ اقبال کی زندگی کا ایک پہلو ہے ، وہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے قدرت کا ایک عظیم عطیہ اور تحفہ ہیں ، دنیا بھر کے مسلمانوں میں جذبہ حریت سے سرشار کیا ، ایک جذبہ تازہ دیا ، اقبال نے حریت ، آزادی ، خود داری ، خود ارادیت اور خود انحصاری کا راستہ دکھایا ہم نے اسے فراموش کرکے غلامی ، احساس کمتری ، مسکینی کا راستہ اپنا لیا یہ بڑے دکھ کی بات ہے ،اقبال نے وسائل کی کمیابی سے ہٹ کر جدو جہد کرنا سکھایا اگر جسم میں صرف خون کا ایک قطرہ بچا ہے توبھی میں تم کو شاہین کی پرواز سکھاتا ہوں ، اقبال کی امید ، بد ترین حالات میں خوشی کی نوید سناتے رہے،پاکستان کی تباہی کا خواب دیکھنے والوں نے بھرپور کوشش کی کہ نئی نسل کی اقبال تک رسائی نہ ہو ،اس ملک کے نصاب سے اقبال کو نکال دیا گیا ، اقبال نوجوانوں کو تجربہ گاہوں درسگاہوں میں دیکھنا چاہتے تھے جس پر وہ بہت دلگرفتہ بھی رہے ، آج ہمیں اقبال کے پیغام کو پھر سے اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔