بھارت، سماج وادی پارٹی نے ’ہندو کارڈ‘ کھیلنے کی تیاری کرلی

November 10, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت میں سماج وادی پارٹی نے بھی ہندو کارڈ کھیلنے کا منصوبہ بنالیا ہے، سماج وادی پارٹی اب مسلمانوں کی حمایت یافتہ پارٹی کے تشخص کو تبدیل کرے گی ، بھارتی میڈیا کے مطابق سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کے ذریعہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے حوالے سے دیے گئے بیان کے بعد پارٹی اب بیک فٹ پر آگئی ہے،تفصیلات کے مطابق اکھلیش یادو کے بیان پر شدید تنقید کے بعد اب سماج وادی پارٹی احتیاط کے ساتھ اپنی مسلم ووٹروں والی پارٹی کی شبیہ کو چھوڑ کر بی جے پی فرقہ وارانہ سیاست کا مقابلہ کرنے کی پالیسی بنا رہی ہے۔ پارٹی سربراہ خود کو بی جے پی رہنمائوں سے زیادہ کٹر ہندو ثابت کرنے میں مصروف ہیں۔ سماج وادی پارٹی کے ایک رکن اسمبلی نے بتایا کہ ’’پارٹی نے ایم-وائی (مسلم-یادو) شبیہ کو بدلنے کا سوچ سمجھ کر فیصلہ لیا ہے۔ پارٹی سربراہ اکھلیش یادو اب مسلم لیڈروں کے ساتھ زیادہ اسٹیج شیئر نہیں کرتے، بلکہ حالیہ دنوں میں کئی مندروں کا بھی انہوں نے دورہ کیا ہے۔ اکھلیش یادو کی تقریروں میں بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ بی جے پی رہنمائوں سے زیادہ بڑے ہندو ہیں۔