حکومت خود ہی پارلیمان کے مشترکا اجلاس سے بھاگ گئی، بلاول بھٹو

November 10, 2021

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت اپنے ہی بلائے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھاگ چکی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری متحدہ اپوزیشن کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ صدر پاکستان کا مشترکہ اجلاس بلانے کا نوٹیفکیشن آیا، آدھے گھنٹے بعد ہی حکومت کا اپنا بیان آیا کہ اجلاس موخر کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے ہی بلائے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھاگ چکی، اجلاس مؤخر کرنا صدر مملکت کی بھی ہتک ہے۔

پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ اپوزیشن کا فیصلہ تھا اپنے تمام اراکین کی تعداد یقینی بنائی جائے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے ووٹنگ مشین، یکطرفہ الیکشن ریفارمز پر حکومتی اتحادیوں سے رابطے کا فیصلہ کیا تھا۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ ایک پر ایک نکلنے والے نیب آرڈیننس بدنیتی پر مبنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب ہم اپوزیشن اتحادیوں سے تحریک عدم اعتماد پر ساتھ دینےکا نہیں کہہ رہے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ اپوزیشن سے حکومت کے غیرجمہوری طریقوں اور الیکشن کمیشن کو متنازع بنانے کی حد تک بات کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر آج اپنی رائے پر قائم ہوں، اس پر الگ سے محنت کرنا پڑے گی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے، اب عمران خان کا گھبرانے کا وقت آ گیا ہے۔